سائفر کیس،جیل ٹرائل ختم،عمران،قریشی کو عدالت پیش کرنے کاحکم

اسلام آباد،راولپنڈی (بیورورپورٹ)سائفر کیس میں جیل ٹرائل ختم، جوڈیشل کمپلیکس میں پہلی سماعت، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران ،قریشی کو عدالت طلب کرلیا۔

سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی، شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری، خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی کدھر ہے، عدالتی عملے نے ہائی کورٹ کی کاپی عدالت کو فراہم کی،فیصلے کی کاپی ملنے کے بعد عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر بروز منگل کو فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اندر موجود عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا سابق وزیر اعظم کا ٹرائل اب 29 اگست سے پہلے کی پوزیشن سے آگے بڑھے گا۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے 190 ملین پاو¿نڈ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع کردی،جج بشیر نے اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ 190 ملین پاونڈ کیس کی سماعت کی، نیب نے عدالت سے چیئرمین پی ٹی آئی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 27 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے نیب کو آئندہ تاریخ تک تفتیش ہر صورت مکمل کرنے کا حکم بھی دیتے ہوئے کہاآئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے۔