عمران خان کی انٹرا کورٹ اپیل منظور،سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم

اسلام آباد،راولپنڈی(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل منظور،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قراردےدیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئر مین پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرلی اورجیل ٹرائل کا 29 اگست کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا، عدالت نے ریمارکس دیئے وزارت قانون کے 29 اگست، 12 اور 25 ستمبر کے نوٹیفکیشنز کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،کابینہ کی منظوری کے بعد جاری نوٹیفکیشن کسی عدالتی فیصلے کے تناظر میں نہیں۔

فیصلے میں کہاگیا انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کی بطور آفیشل سیکریٹ ایکٹ جج تعیناتی قانونی ہے،غیر معمولی حالات میں ٹرائل جیل میں کیا جاسکتا ہے، قانون کے مطابق جیل ٹرائل ان کیمرہ یا اوپن ہوسکتا ہے،جیل ٹرائل ممکن ہے لیکن قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں،فیصلے میں مزید کہا گیاکابینہ کی منظوری کے بعد جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کا ماضی پر اطلاق نہیں ہوگا،چیئرمین پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

دریں اثنا احتساب عدالت نے 190 ملین پاونڈ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ میں 2روز توسیع کردی،احتساب عدالت کے جج بشیر نے سماعت کی،عدالت نے بشریٰ کی 190ملین پاونڈ سکینڈل اور توشہ خانہ کیسز میں عبوری ضمانت میں 8 روز توسیع کر دی اور پی ٹی آئی چیئرمین سے مزید 2روز تفتیش کی اجازت دےدی۔

مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 23 نومبر تک ملتوی کر دی گئی،سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کاکیس 28 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا جواب جمع کرائیں گے۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا عمران خان نے دوبارہ کہا ڈونلد لو اور باجوہ نے ملکر حکومت گرائی، ملک کےخلاف سازش تھی،عمران خان پر سزائے موت کا کیس بنادیا گیا ،سائفر کیس کامقصد موت کی سزا دینا ہے۔