تمام اثاثے،بینک اکاﺅنٹس منجمد ،مونس کی گرفتاری تک ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار رہیں گے: عدالت
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور کی احتساب عدالت نے مونس الٰہی کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،احتساب عدالت لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں (ق) لیگ کے رہنما مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دیا جس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے،عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے مونس الٰہی پراسکیوشن کے الزامات میں عدالت میں پیش ہونے سے اجتناب کر رہے ہیں اس لیے عدالت انہیں اشتہاری قرار دینے کا حکم دیتی ہے،فیصلے میں مزید کہا گیا ہے جب تک مونس الٰہی گرفتار نہیں ہوتے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے جاتے ہیں دوسری جانب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے تمام اثاثے اور بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے، لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما مونس الٰہی کےخلاف منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ان کے تمام اثاثے اور بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا مونس الٰہی کے 8 اکاﺅنٹس اور 6 غیر منقولہ جائیدادوں کو منجمد کیا گیا ہے، تمام ادارے معاملے میں عدالت کی معاونت کریں اور آئندہ سماعت پر مونس الٰہی کے تمام اثاثے اور اکاﺅنٹ منجمد ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے،عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا مونس الٰہی اپنی سپین والی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے، لندن میں ان کی رہائش گاہ پر وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ ابھی آنی ہے تاہم اب تک پیش کردہ رپورٹ سے مطمئن ہیں جس میں کہا گیا ہے مونس الٰہی جان بوجھ کر گرفتار سے چھپ رہے ہیں۔



















