اسلام آباد(بیورورپورٹ) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کسی جماعت نہیں پاکستان کاترجمان ہوں، نواز شریف وزیر اعظم بنے تو حلف کا تقاضا پورا کروں گا،عدلیہ، انتظامیہ اور سیاسی رہنما انتخابات کے بروقت انعقاد پر متفق ہیں،کوئی شبہ نہیں الیکشن 8 فروری کو نہ ہوں، اتفاق رائے سے الیکشن تاریخ پر سپریم کورٹ کو سراہتا ہوں، فوج ،عمران خان کے درمیان مصالحت میں ناکامی کی بہت سی وجوہات تھیں۔
وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو میںعارف علوی نے کہا نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے تو حلف کا تقاضا پورا کروں گا، سیاستدان ،انتظامیہ سمیت تمام سٹیک ہولڈرملکر کام کریں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنا الیکشن کمیشن ،حکومت کی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی کے تحفظات پر خط لکھ کر حکومت کی توجہ دلائی، حکومت نے لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنے کی یقین دہانی کرادی، قوم بھروسہ رکھتی ہے حکومت لیول پلیئنگ فیلڈ کا اہتمام کرے گی۔
صدر مملکت نے کہا الیکشن شفاف بنانے کےلئے آئین صدر کو عملی قدم کی اجازت نہیں دیتا،معاملات پر حکومتی توجہ دلانے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں کیونکہ صدر کے پاس انتظامی اختیارات نہیں البتہ صدر کی طرف سے اٹھائے جانے والے نکات بہت معنی رکھتے ہیں،توقعات اپنی جگہ لیکن کوئی ایسا قدم نہیں لے سکتا جس کی آئین اجازت نہ دے،انتخابات کی تاریخ پر کوئی کوتاہی نہیں برتی۔
عارف علوی نے کہافوج ،چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان مصالحت میں ناکامی کی بہت سی وجوہات تھیں ،تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، وزیراعظم سے زیادہ تر سرکاری امور کے سلسلے میں ہی رابطہ ہوتا ہے، عمران خان وزیراعظم تھے تو بھی ذاتی معاملات پر کم بات ہوتی تھی،عمران خان کی الیکشن میں شمولیت کا فیصلہ عدالت میں ہے،کسی جماعت نہیں ہر پاکستانی کا ترجمان ہوں ،9 مئی کی مذمت کرچکا ،تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا لیکن حکومتوں کو بھی چاہیے پرتشدد احتجاج والے حالات پیدا نہ کریں،صدر کا آئینی مدت مکمل کرنا استحکام کی علامت ہے۔
صدر مملکت نے کہا عام شہریوں کے فوجی عدالت میں مقدمے کا معاملہ عدالت میں ہے، 9 مئی مقدمات کی فوجی عدالتوں میں سماعت پر قبل از وقت رائے نہیں دینا چاہتا،بحیثیت صدر عدلیہ پر دانستہ اعتماد رکھتا ہوں۔
الیکشن سے قبل کنگز پارٹی کی باتوں پر صدر علوی نے کہا معاملے پر کوئی گفتگو نہیں کروں گا کیونکہ صدر کا منصب متنازع ہوجائے گا،دنیا نے پناہ گزینوں کا بوجھ بانٹنے میں پاکستان کی مدد نہیں کی، غیر قانونی پناہ گزینوں کی واپسی کا فیصلہ مناسب اقدام ہے، معیشت اب پناہ گزینوں کا بوجھ مزید اٹھانے کی سکت نہیں رکھتی، ایپکس کمیٹی غیرقانونی مقیم افغانوں کی واپسی کے فیصلے پر نظر ثانی کرسکتی ہے۔
عارف علوی نے کہاافغان طالبان دراندازی روکنے میں ناکام رہے، یقین دہانی کے باوجود کالعدم ٹی ٹی پی کےخلاف اقدام نہیں لیے گئے، آرمی چیف نے بتایا افغان طالبان کو شواہد بھی دئیے گئے، کابل سے رابطے کا فقدان نہیں لیکن طالبان عملی اقدام کریں،غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عارف علوی نے کہاپاکستان اپنے قیام کی تحریک سے فلسطینیوں کےساتھ کھڑا ہے، غزہ صورتحال پر پاکستان نے عالمی فورمز پر اپنے مو¿قف کا بھرپور اعادہ کیا، مسئلہ فلسطین کا حل صرف دو ریاستی منصوبہ ہے، غزہ میں ظلم پر عالمی رہنماوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔
کسی جماعت نہیں،پاکستان کاترجمان،نواز وزیراعظم بنے تو حلف لوں گا، علوی



















