کولکتہ (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، ہمیں اپنے گیم کا معیار بہتر کرنا ہوگا۔انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ہمیں بیٹنگ میں 300، 350 رنز تسلسل سے بنانا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جو ٹیمیں بڑا اسکور کر رہی ہیں وہی کامیاب ہو رہی ہیں۔ کوچز ہر میچ میں پلیئرز کو تین سو سے زائد کا اسکور بورڈ پر سجانے کو کہتے ہیں۔بولنگ پر بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ حارث روف نئی گیند کا بولر نہیں ہے، پرانی گیند سے اچھی بولنگ کرتا ہے۔ نسیم شاہ ہوتے تو بولنگ اور بہتر ہوتی۔ انہوںنے کہا کہ نسیم ہوتے تو شاہین کو اٹیک کا بھی موقع ملتا،نسیم کے نہ ہونے کا بہانہ نہیں بنائیں گے، ہم اچھا نہیں کھیلے،ہم نے ایسا نہیں کھیلا جو سیمی فائنل تک رسائی کےلئے درکار تھا۔ اسپن بولنگ سے متعلق مکی آرتھر نے کہا کہ اسپن اٹیک کا نہیں چلنا مایوس کن بات ہے، ہمارے برانڈ آف کرکٹ میں اسپنرز کا کردار اہم ہے۔کپتان بابر اعظم سے متعلق انہوں نے کہا کہ میری پوری سپورٹ بابر کے ساتھ ہے۔ وہ نوجوان ہے، ابھی وہ سیکھ رہا ہے۔ ہمیں بابر اعظم کو موقع دینا چاہیے، وہ غلطیوں سے سبق سیکھے گا۔مکی آرتھر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ غلطی کرنا جرم نہیں، ہر کوئی کرتا ہے۔ بابر ہمیشہ پراعتماد ہوتا ہے، ہمیں ٹیم کا ماحول ٹھیک رکھنا ہوتا ہے۔
ہمیں اپنے گیم کا معیار بہتر کرنا ہوگا: مکی آرتھر



















