انتخابات کی دوڑ میں کوئی پسندیدہ نہیں،ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات پرآگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے ماحولیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کےلئے بڑا خطرہ ہیں ،معاشرے کے تمام طبقات کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے آگاہی دینا ہوگی، پی ٹی وی میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کا قیام پہلا قدم ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد، وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی سید آصف حیدر، پی ٹی وی کے ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز عون ساہی و دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا موسمیاتی تبدیلی سے آگاہی پیدا کرنے کےلئے پہلا قدم اٹھایا گیا ،پی ٹی وی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے،پی ٹی وی انتظامیہ نے مختصر وقت میں کلائمیٹ چینج ڈیسک قائم کر کے علاقائی سٹیشنوں سے منسلک کیا ،ڈیسک پر قابل رپورٹرز کو تعینات کیا جو عوام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات و چیلنجوں سے آگاہی فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے نجی میڈیا پر زور دیا موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کی کوریج کیلئے اس طرز کے ماڈل کو اپنائیں،سرکاری میڈیا بھی نجی میڈیا کےساتھ ملکر ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے آگاہی پیدا کرے، کلائمیٹ چینج ڈیسک سے منسلک رپورٹرز موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ علاقوں کے مقامی لوگوں سے ملیں اور خطرات سے آگاہی فراہم کریں،پی ٹی وی کوخصوصی پروگرام و دستاویزی فلمیں تیار کرنی چاہئیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا آئندہ سال فروری میں عام انتخابات ہونے ہیں ،پالیسی واضح ہونی چاہئے، انتخابات کی دوڑ میں کوئی پسندیدہ نہیں، آئین میں لکھا ہے ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں موقع فراہم کریں گے ،عکاسی وزارت اطلاعات کے تمام اداروں بشمول پی ٹی وی کے پروگراموں، خبروں و پالیسی میں بھی ہونی چاہئے۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد نے کہا کلائمیٹ چینج اور ڈیزاسٹر رپورٹنگ سپیشلائزڈ فیلڈز ہیں، وزارت موسمیاتی تبدیلی و دیگر شراکت داروں کےساتھ ملکر پی ٹی وی کلائمیٹ چینج ڈیسک پر مامور عملے کو تربیت بھی فراہم کرےگا،کلائمیٹ چینج کی رپورٹنگ روزانہ کی بنیاد پر سرگرمی ہے اور آفات سے نمٹنے کی تیاری کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

ظہور احمد نے کہا قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری کے فقدان اور قبل از وقت وارننگ کے کمزور نظام کے باعث پاکستان میں قدرتی آفات سے ہونے والا نقصان ان ممالک سے کہیں زیادہ ہے جو قدرتی آفات سے نمٹنے کی پہلے سے تیاری کرتے ہیں،پی ٹی وی اپنے نیوز سسٹم میں موسمیاتی تبدیلی کی خبروں کو ترجیح دے گا،قبل ازیں نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پی ٹی وی میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کا افتتاح کیا، کلائمیٹ چینج ڈیسک موسمیاتی تبدیلی پر عوام کو لمحہ بہ لمحہ آگاہی فراہم کرےگا۔