بہترین کارکردگی پر افسران، اہلکاروں کی حوصلہ افزائی احسن روایت ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کی کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب کومختلف اضلاع سے آئے افسران واہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈولفن اسکواڈ لاہور کے 35 افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر انعامات دئیے گئے،راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، خوشاب اور بھکر کے افسران و اہلکاروں کو ببھی انعامات سے نوازا گیا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں سپروائزری افسران کے علاوہ کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے 157 افسران و اہلکار شامل تھے۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا دورہ کیا اور زیر علاج کانسٹیبل غلام مصطفٰی کی عیادت کی،کانسٹیبل غلام مصطفٰی پنجاب پولیس ساہیوال میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل غلام مصطفٰی کی خیریت دریافت کرتے ہوئے اہل خانہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل غلام مصطفی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ڈاکٹرز کو کانسٹیبل غلام مصطفٰی کی بہترین نگہداشت کی ہدایت کی۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب کے پولیس شہداءکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات یقینی بنارہے ہیں جس کے تسلسل میں فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس ننکانہ کے شہید نسیم شہزاد کے اہل خانہ کو انکی پسند کے مطابق ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کا گھر دیا گیا۔ شہید کانسٹیبل نسیم شہزاد نے گذشتہ برس 09 اپریل کو خطرناک ڈاکو سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر جمعہ کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں مساجد اور امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جس کی بدولت صوبہ بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہی اور شہریوں نے بغیر کسی پریشانی نماز جمعہ سمیت دیگر عبادات ادا کیں اوراپنے معمولات زندگی سر انجام دئیے۔