غازی افسران و اہلکاروں کی جلد بحالی اوّلین ترجیح ہے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر غازی اہلکاروں کے علاج کیلئے 15 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کے اخراجات کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ راولپنڈی کے زخمی کانسٹیبل جہانزیب کو طبی اخراجات کےلئے 5 لاکھ روپے ،زخمی کانسٹیبل ظفر اقبال اور کانسٹیبل ہارون افضل کو طبی اخراجات کیلئے فی کس 3 لاکھ روپے ، سرگودھا کے زخمی کانسٹیبل سرفراز احمد کو علاج معالجے کیلئے 2 لاکھ روپے ،زخمی کانسٹیبل غلام مرتضیٰ اور ہیڈ کانسٹیبل بابر علی شاہ کو طبی اخراجات کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے دیئے گئے۔مذکورہ بالا غازی افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی مجرمان سے مقابلے میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غازی افسران و اہلکاروں کی جلد از جلد بحالی اوّلین ترجیح، محکمہ اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، غازی اہلکاروں کو سلور میڈلز دئیے جائیں گے، سنٹرل پولیس آفس میں غازی وال پر نام کندہ کرکے عزت افزائی کی جائیگی۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت تحفظ ڈائریز کے سلسلے میں تحفظ مرکز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈی ایس پی صدرجہلم میاں عبدالجبار،انچارج تحفظ مرکز اور وکٹم سپورٹ افسر نے کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس تحفظ مرکز جہلم کے عملے، مستفید ہونے والے شہریوں، بچوں اور ٹرانس جینڈرز سے ملاقات کی، بچوں اور شہریوں نے تعاون کے خصوصی اقدام پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ انچارج تحفظ مرکز جہلم نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحفظ مرکز جہلم نے اپنے قیام سے اب تک 1096 لوگوں کے مسائل حل کرکے ریلیف فراہم کیا، 48 ٹرانس جینڈرز، ذہنی و جسمانی معذوری کے شکار 7 خصوصی افراد کی مدد کی، نشے کے عادی 32 افراد کا علاج کروایا، 12 گمشدہ بچوں کو والدین سے ملوایا، 8 مختلف این جی اوز کے ساتھ ایم او یوز سائن،48 بے گھر افراد کو شیلٹر کیلئے اولڈ پیپل ہوم میں پناہ دلوائی، ڈسٹرکٹ بار جہلم سے متعدد شہریوں کوفری لیگل ایڈ مہیا کی،مشکلات کی شکار خواتین کو دارالامان منتقل کیا، 13 ٹرانس جینڈرز اور خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر کروایا، 47 افراد کو مختلف تھانہ جات میں ریفر کیا اور کرائم کے متعلق مسائل حل کروائے، 316 ولنر ایبل افراد کی رجسٹریشن کی،5 ٹرانس جینڈرز کے ڈرائیونگ لائسنس لرنر بنوائے، ضلع جہلم کے تمام تھانہ جات میں ٹرانس جینڈرز کی معاونت کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تحفظ مرکز جہلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سروس ڈلیوری کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تحفظ مرکز دیگر سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کو مزید موثر بنائے اور پولیس تحفظ مرکز کے پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا جائے۔