اسرائیلی دہشتگردی ،مزیدسینکڑوں فلسطینی شہید،پاکستان نے امدادی سامان غزہ بجھوادیا


غزہ،تل ابیب،واشنگٹن،ماسکو،ریاض،لندن،ٹوکیو،اسلام آباد(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)اسرائیلی دہشتگردی انتہا کو جاپہنچی،غزہ میںہسپتال،مسجد،پناہ گزین کیمپ،رہائشی عمارتوں پر بمباری،مزیدسینکڑوں فلسطینی شہید، حماس کے میجر جنرل جہاد اور خاندان کے افراد بھی شامل،سنائپر سے بھی قتل عام شروع،پاکستان نے امدادی سامان سے بھرا طیارہ غزہ بھجوادیا۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں 2گھروں کو نشانہ بنایا گیا،ایک واقعہ میں 27، دوسرے میں ایک خاندان کے 13 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے،حماس کے میجر جنرل جہاد و خاندان کے افراد بھی شامل ہیں،12 افراد کو غزہ بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا جبکہ نوصائرت میں مسجد پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید و زخمی ہوگئے۔

دیر البلاح میں گھر پر بمباری سے 10 افرادلقمہ اجل بنے،غزہ کے مغربی علاقے میں ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر و القدس ہسپتال کے قریبی علاقے پر بھی 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں ،سڑکوں پر بمباری کی گئی،بموں کے ٹکڑے ہلال احمر ہیڈکوارٹر میں بھی گرے جہاں عملے کے علاوہ 8 ہزار افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔

ادھر الشفا ہسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایاگیا جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں،اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے سکول پر بھی بم برسائے گئے،کئی افراد شہید ہوگئے،البکری ہاو¿س پر حملے میں ایک خاندان کے 7 افرادنشانہ بنے،الزیتون علاقے میں گھروں پر 20 بم برسائے گئے ،تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3700سے تجاوز کر گئی،اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں الشفاسمیت 24 ہسپتالوں کو خالی کرنے کی دھمکی دے دی، اسرائیل نے مغربی کنارے میں بھی قتل عام شروع کر دیا، نہتے فلسطینیوں کو سنائپر سے نشانہ بنا کر چند گھنٹوں میں 5 کو شہید کردیا۔

جبکہ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر حملے کی تمام تیاریاں مکمل کر لیں،صیہونی فوج کسی بھی وقت غزہ پر حملہ آور ہوسکتی ہے،ادھر حزب اللہ نے 3اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرکے جاسوسی کے آلات و ٹینک تباہ کردئیے گئے ، مزاحمتی تنظیم نے4 گھنٹوں میں اسرائیل کے 3 علاقوں پر بھی حملوں میں جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ،عراق میں 2امریکی فوجی اڈوں عین الاسد اور حریر بیس پر ڈرون حملے کیے گئے ۔

اسرائیل نے حماس ،حزب اللہ کے حملوں میں 2 ہزار اموات کی تصدیق کردی،حملوں میں زخمی ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے زائد ہے۔

دریں اثنا جوبائیڈن نے اسرائیل کے دورے سے واپسی کے دوران عبدالفتاح السیسی کو فون کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا متاثرہ فلسطینیوں کےلئے آغاز میں 20 امدادی ٹرک لے جانے پر رضامندی ظاہر کردی،کراسنگ کے آس پاس سڑک کو مرمت کی ضرورت ہے ، ممکنہ طور پر امدادی ٹرک جلد روانہ کردئیے جائیں گے۔

امریکی صدر نے کہا اقوام متحدہ غزہ کی سرحد کے اطراف امداد تقسیم کرنے کےلئے تیار ہے، پہلے 20 ٹرک حماس کو کوئی فائدہ پہنچے بغیر امداد کی تقسیم کے نظام کا امتحان ہوں گے،امداد کی پہلی کھیپ 20 ٹرکوں پر مشتمل ہوگی لیکن مجموعی طور پر 150 یا کچھ زیادہ ٹرک ہیں،باقی ٹرکوں کو فی الحال گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حالات کو دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں برطانوی وزیراعظم رشی سونک اپنے غیر معمولی دورے پر مقبوضہ بیت المقدس پہنچے ،اسرائیلی ہم منصب نیتن یاہو سے ملاقات کی،برطانوی وزیراعظم نے کہا حماس شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، برطانیہ مشکل وقت میں اسرائیل کے ساتھ کھڑا رہے گا،رشی سونک نے کہا غزہ میں انسانی امداد کا راستہ کھولنے کے اسرائیلی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک بار پھر ال اہلی ہسپتال پر ہونے والے حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہسپتال پر حملہ حماس کے ناکام راکٹ کی وجہ سے ہوا،نیتن یاہو نے کہاحماس حملے کا مقصد اسرائیل کے عرب ریاستوں سے امن تعلقات بگاڑنا ہے۔

مزید برآں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،دونوں رہنماوں کے درمیان فلسطین میں فوجی کارروائی کو روکنے کی ضرورت پر زور اور کشیدگی کم کرنے کی تمام کوششوں کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا سعودی عرب غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو گھناونا جرم سمجھتا ہے، اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملے کیے جا رہے ہیں، غزہ کے مکینوں کو تحفظ فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، خطے کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے بچانے کےلئے فوجی کارروائیوں کو روکنا ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان نے پاک آرمی اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مظلوم فلسطینی عوام کیلئے امداد کی پہلی کھیپ بھیج دی،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاپاکستان کی جانب سے چارٹرڈ طیارہ 100 ٹن امدادی سامان لےکر اسلام آباد سے مصر کےلئے روانہ ہوا جہاں غزہ پہنچایا جائے گا، مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی امداد کیلئے موسم سرما کیلئے اشیائے خورونوش، ایک ہزار خیمے، 4 ہزار کمبل ،3 ٹن ادویات شامل ہیں،متاثرین غزہ کو فوری ریلیف ملے گا، پاکستان مشکل گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کےساتھ کھڑا ہے اور حمایت جاری رکھے گا۔

قبل ازیںہفتہ وار بریفنگ میںترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بار پھر غزہ ہسپتال پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا فوری سیریز فائر کیا جائے،پاکستان کو فلسطینی بہن بھائیوں کی حالت زار پر شدید تشویش ہے، پاکستان او آئی سی ممبر سٹیٹ کےساتھ رابطے میں ہے،غزہ میں نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، فلسطین میں پاکستانی فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان نے او آئی سی اجلاس میں غزہ پر ٹھوس موقف اختیار کیا،سلامتی کونسل کی کارروائی پر پاکستان نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ، سلامتی کونسل اسرائیلی بمباری کے خاتمے کےلئے کردار ادا کرے۔