نواز،عمران کو کھلا موقع دیکر فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے‘ اسد عمر

لاہور(خبر نگار،کورٹ رپورٹر) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے ،ادھر ہی ہونا چاہیے اب وہ واپس آئیں گے تو قانون کے مطابق ہی فیصلے ہونے چاہئیں ، میری ذاتی خواہش ہے الیکشن جلد سے جلد ہوں،نوازشریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن مہم کا کھلا موقع دیا جائے اور پھر فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہان لیگ کو لاہور میں جلسے کی اجازت ہے ،پی ٹی آئی کو نہیں، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی مقدمات میںاسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان ،علیمہ خان سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 31اکتوبر تک توسیع کر دی،عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا۔