ٹیکسٹائل سیکٹر قومی معیشت اور روزگار کی فراہمی کیلئے بے حد اہم ہے: ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے ایکسپو سنٹر جوہر ٹاﺅن میں ٹیکسٹائل ایشیا بین الاقوامی تجارتی میلے کی 25ویں سلور جوبلی نمائش میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، نمائش کا اہتمام پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان نے باہمی اشتراک سے کیا، نمائش میں امریکہ، برطانیہ، اٹلی، چین سمیت دیگر ممالک سے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ 450 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا، افتتاح کے بعد نمائش میں لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت خوش آئند امر ہے،غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی انڈسٹری کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے خواہاں ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر قومی معیشت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لئے نگران حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ پر فوکس کئے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات 26ارب ڈالر سالانہ تک لے کر جائیں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسی نمائشیں برآمدات بڑھانے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہیںشاندار نمائش کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں،چیئرمین ای کامرس گیٹ وے پاکستان ڈاکٹر خورشید نظامی نے نمائش بارے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔