اسلام آباد (مشرق نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اسمگلنگ اور غیر ملکی کرنسی کی غیرقانونی تجارت پاکستان کے وجود کیلئے خطرہ ہے۔ سینئر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیاکہ مقامی حکام کی ملی بھگت سے سمگل شدہ ایرانی تیل کی 27 ہزار گاڑیاں روزانہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو رہی تھیں۔
ان گاڑیوں کے داخلے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو سوا لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے فی گاڑی رشوت دی جا رہی تھی۔ ڈپٹی کمشنر اسمگلنگ میں کردار ادا کرنے والوں کو بھی شیئرز دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان گاڑیوں کی سرحد پار سے غیر قانونی نقل و حرکت تقریباً بند ہو چکی ہے، اگرچہ ابھی تک مکمل طور پر یہ اسمگلنگ نہیں رکی۔
انہوں نے کہا کہ عسکری اور سول قیادت نے سمگلنگ کےخلاف فیصلہ کن مہم شروع کی۔ گزشتہ تین سال میں یہ ایسی دوسری مہم ہے لیکن اس بار کریک ڈاون شدید تھا۔ یہ میرا فیصلہ تھا کہ ایرانی تیل کی پاکستان سمگلنگ کو روکا جائے جس پر پاک فوج نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا۔
اشیا اور کرنسی سمگلنگ سے پاکستان کے وجود کوخطرہ ہے: وزیراعظم انوا ر الحق کاکڑ



















