کپاس کے بعد گندم و خوردنی تیل کی ریکارڈ پیداوار کاہدف حاصل کریں گے،نقوی

لاہور ( خبر نگار،کامرس رپورٹر،ہیلتھ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے اعزاز میںپنجاب میں کپاس کی ریکارڈ پیداوار ہونے پرآل پاکستان ٹیکسٹائلز ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ورلڈ کاٹن ڈے پرخصوصی تقریب کااہتمام کیا گیا۔

اپٹما کے عہدیداروںواراکین نے پنجاب میں 11 سال بعد کپاس کی 80 لاکھ گانٹھوں کا ہدف حاصل کرنے پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور پوری ٹیم کاخصوصی شکریہ ادا کیا،نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز ، اپٹما کے چیئرمین، وائس چیئرمین و دیگر عہدیداروں نے تقریب میں کھڑے ہو کر تالیاں بجا تے ہوئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی ، محکمہ زراعت و پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ورلڈکاٹن ڈے منانے پر بہت خوشی ہے، کاٹن کی مد میں 3 ارب ڈالر کی بچت اکیلے میراکام نہیں ،ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،سفید مکھی کے تدارک کےلئے معاونت پر پاک فوج کے شکرگزار ہیں،آرمی کے ہیلی کاپٹرز،ڈرونز سفید مکھی کے حملے والی جگہوں پر 10 سے 12 دن لگا تار سپرے کرتے رہے، سفید مکھی کامقابلہ جنگی بنیادوں پر کیا گیا اگر ایسے نہ کرتے تو فصل زیادہ خراب ہوتی۔

وزیراعلیٰ نے کہاسب ملکر ٹارگٹ بنا کر کام کریں تو دنیا میں کوئی بھی چیز حاصل کر سکتے ہیں،3 ارب ڈالر کسانوں کے پاس آئے گا،کپاس کے بعد گندم و خوردنی تیل کی ریکارڈ پیداوار کاہدف حاصل کریں گے، پنجاب سے سیڈ کی منظوری کے عمل کو ختم کر دیا،کسان کے پاس بہترین بیج پہنچے گا تو ہی پیداوار اچھی ہو گی،6 ارب ڈالر تک اسی زمین سے کما سکتے ہیں لیکن بیج بہترین دینا پڑے گا اورسٹریٹجی اچھی بناناہوگی،پوری ٹیم گندم و خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے کےلئے کوشش کر رہی ہے، ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے کام سے بالکل مطمئن نہیں ،ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ابھی کام نہیں کر سکتے ،ٹھیک کیا جائے گا پھر وفاق کی مدد لیں گے۔

محسن نقوی نے کہاایگریکلچر یونیورسٹی اور فیڈرل کے ریسرچ انسٹی ٹیوٹس علیحدہ علیحدہ اپنی ریسرچ کر رہے ہیں لیکن زرلٹ اچھے نہیں جب تک عالمی معیارکی ریسرچ نہیں ہو گی پیداوار نہیں بڑھے گی،محکمہ زراعت نے بہت زیادہ محنت کی ،کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے،محکمہ زراعت کے ٹرانسپورٹ و دیگرمسائل کو حل کریں گے، محکمہ زراعت کےلئے اچھے پیکیج کا اعلان کرینگے۔

وزیراعلیٰ نے کہا چینی کی قیمت میں بڑھاو کی وجہ ذخیرہ انداوزی، سمگلنگ اور مافیاز ہیں، سمگلنگ کم ہونے سے چینی کی قیمت بھی کم ہوئی، سمگلنگ جیسے ہی ختم ہو گی چیزیں بہت بہترین ہو جائیں گی۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا29واں اجلاس ہوا،پنجاب کے بڑے ہسپتالوںمیں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری و اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب فنڈز کی منظوری دی گئی،کابینہ نے ریونیو بڑھانے کیلئے پنجاب ہاوس کراچی کے لان کو تقریبات کیلئے کرائے پر دینے کا فیصلہ بھی کیا،ڈپٹی کمشنر،میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہورکے ایڈمنسٹریٹر ہوں گے، کابینہ نے منظوری دی۔

وزیراعلیٰ نے دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کےلئے مالی امداد کے پیکیج کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مالی امدادکے پیکیج کوبہتر بنا کرکابینہ کے اگلے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کڈنی ،نفسیات و نشے کے عادی مریضوں کو معیاری علاج و بحالی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی،کابینہ نے ڈائلسز سنٹرز اور نفسیاتی ونشے کے عادی مریضوں کے سنٹرز میں علاج و بحالی کے طریقہ کار (MSDS) کا معیار مقرر کرنے،”اب گاں چمکیں گے “ پروگرام کے تحت یونین کونسلز کواختیارات دینے کی منظوری سمیت مزید فیصلے بھی کیے۔


علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے جنرل ہسپتال اور علی الصبح تھانہ ڈیفنس اے کا دورہ کیا،مریضوں ، تیمارداروں سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی سہولتوں و مفت ادویات کا دریافت کیا۔

محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی شکایات کے فی الفور ازالے اور بروقت چیک اپ کا حکم دیا،وزیر اعلیٰ نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز سے مصافحہ کیا اور دکھی انسانیت کی خدمت پر شاباش دی،تھانہ ڈیفنس اے کی حوالات میںبند ملزموں سے کیسز کا پوچھا،بھیک مانگنے والے بزرگ کا مسئلہ سنا اور رہائی کا حکم دیا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے دورے کے دوران ہی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بزرگ کو رہائی مل گئی،بزرگ نے وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اوردعائیں دیں ۔