اسلام آباد (بیورورپورٹ)ایپکس کمیٹی نے پاکستان میں غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکیوں کو یکم نومبرتک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے خبر دار کیا ہے یکم نومبر سے وفاقی و صوبائی قانون نافذ کرنےوالے ادارے تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی گرفتاری وجبری ملک بدری کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے ،10 اکتوبر سے پاک افغان بارڈر سے نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہو گی،یکم نومبر سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائےگی،غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے کاروبار،جائیدادیں ضبط ، غیر قانونی کاروبار کرنےوالوں ،سہولت کاروں کےخلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ،وفاقی وزرا، صوبائی وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، قانو ن نافذکرنےوالے سول و عسکری اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی،اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک کی داخلی سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا اور عزم کا اظہار کیا گیاعوام کی توقعات کے مطابق آئین وقانون کی عملداری کویقینی بنایا جائےگا۔
اجلاس میں پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا انخلا و غیرقانونی مقیم غیر ملکی افراد کی پراپرٹی و تجارت کےخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا،بارڈر سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی، ایپکس کمیٹی نے وزارت داخلہ کی زیر نگرانی ٹاسک فورس قائم کردی،ٹاسک فورس جعلی شناختی کارڈز، کاروبار اور پراپرٹی کی جانچ پڑتال کرے گی،اجلاس میں منشیات ،کرنسی ،اشیائے خورونوش کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی،بجلی چوری کیخلاف کارروائیاں بڑھانے کا اعادہ کیا گیا۔
ایپکس کمیٹی نے قرار دیاطاقت کا استعمال صرف اور صرف ریاست کا دائرہ اختیار ہے، کسی بھی شخص یا گروہ کو طاقت کے زبردستی استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک میں کسی بھی قسم کے سیاسی مسلح گروہ یا تنظیم کی کوئی جگہ نہیں،ملوث افراد کےساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،اعلامیے کے مطابق ریاست کسی کو مذہب کی من پسند تشریح کرکے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گی، اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اسلام اورآئین کاحصہ ہیں، ریاست حقوق کو یقینی بنائے گی،پروپیگنڈا و غلط معلومات کی مہم جوئی کرنےوالوں کےساتھ سائبر قوانین کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔
شرکا کو بتایا گیا قوانین کی آگاہی و عملدرآمد کیلئے تکنیکی طریقہ کار وضع کیے جا رہے ہیں جو قانون کی پاسداری و عوام کی سہولت کو مدنظر رکھ کر بنائیں گے،آخر میں فورم نے عزم کا اعادہ کیا ایمان، اتحاد و تنظیم کے اصولوں پر صحیح معنوں میں عمل کیا جائےگا اور ملکی ترقی کیلئے انتھک کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اجلاس میں کئے گئے فیصلوں میں کہاگیاپاکستان میں غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکی شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کیلئے خبردار کیا جاتا ہے،یکم نومبر سے وفاقی و صوبائی قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام غیر مقیم غیر ملکیوں کی گرفتاری اورجبری ملک بدری کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے،10 اکتوبر سے پاکستان افغانستان بارڈر سے نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہو گی جبکہ یکم نومبر سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی دیگر تمام قسم کی دستاویزات سرحد پار سفر کیلئے غیر موثر و غیر قانونی ہوں گے،یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے کاروبار،جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی اور غیر قانونی کاروبار کرنے والوں ،سہولت کاروں کےخلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
فیصلہ کیاگیایکم نومبر کے بعد پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کو رہائش یا سہولیات فراہم کرنےوالے کسی بھی پاکستانی شہری یا کمپنی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،وزارت داخلہ کی زیر نگرانی قائم ٹاسک فورس میں قانون نافذ کرنےوالے اور انٹیلی جنس اراکین شامل ہوں گے، ٹاسک فورس کا مقصد جعلی شناختی کارڈ کے حامل لوگوں ،جعلی کاغذات پر بنی غیر قانونی جائیدادوں کو ضبط کرنا ہو گا۔
نادرا کو ہدایت کی گئی ہے وہ تمام جعلی شناختی کارڈز کی منسوخی کوفوری یقینی بنائے اوراگر کسی کی شناخت میں شک ہو تو تصدیق کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے،ویب پورٹل اور یو اے این ہیلپ لائن پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی افرادکی غیر قانونی رہائش یا کاروبار کرنے والوںکی معلومات فراہم کی جا سکتی ہیں،تعاون کرنے والے کو انعام ملے گا،نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا،غیر قانونی سرگرمیوں بشمول ذخیرہ اندوزی، سامان یا کرنسی کی سمگلنگ، حوالہ، ہنڈی اور بجلی چوری کےخلاف سخت ایکشن پہلے سے ہی لیا جا رہا ہے، جرائم میں ملوث افرد کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی،منشیات کے سمگلرز کےساتھ بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی ، ہر صوبے کے اندر منشیات بحالی مراکز مرحلہ وار قائم کیے جائیں گے،تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا گیا نظم و ضبط کو قائم کرتے ہوئے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں،نظم و ضبط کو ہی اپنا کر اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔
بعد ازاں اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے فیصلوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکسی بھی پاکستانی کی فلاح و سکیورٹی سب سے زیادہ مقدم ہے اور کسی بھی ملک یا پالیسی سے زیادہ اہم پاکستانی قوم ہے،پاکستان میں غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکی افراد کوپاکستان سے واپس جانے کیلئے یکم نومبر تک کی ڈیڈ لائن دےدی اگر یکم نومبر تک واپس نہیں جاتے تو ریاست کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بدر کریں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا یکم نومبر ہی پاسپورٹ و ویزا کی تجدید کی ڈیڈ لائن ہے، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا آپ کسی اور دستاویز پر کسی ملک میں سفر کریں،فیصلہ کیا ہے یکم نومبر کے بعد کوئی بھی شخص، کسی بھی ملک کا رہنے والا پاسپورٹ اور ویزا کے بغیر ملک میں داخلہ نہیں ہو گا ،صرف پاسپورٹ چلے گا،وزیرداخلہ نے کہایکم نومبر کے بعد آپریشن شروع ہو گا ،ٹاسک فورس بنادی،ٹاسک فورس کا مقصد جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں اور غیرقانونی جائیدادوں کو ضبط کرنا ہے، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے ڈھونڈ کرکاروبار اور جائیدادوں کو بحق سرکار ضبط کریں گے،سہولت کاری میں ملوث پاکستانی کو ملکی قانون کے مطابق سزائیں دلوائی جائیں گی، پاکستان میں اس وقت افغان شہریوں کی تعداد44 لاکھ کے قریب ہے، 44 لاکھ میں سے 14 لاکھ کے قریب افغان شہری رجسٹرڈ ہیں، یکم نومبر کے بعد غیر قانونی مقیم افرادکی گرفتاری کے اقدامات کریں گے۔
وزیر داخلہ نے اعلان کیا ویب پورٹل بنا رہے ہیں جس کے ذریعے عوام معلومات شیئر کریں، سمگلنگ و غیرقانونی سرگرمیوں کی اطلاعات دینے والوں کانام رازمیں رکھا جائےگا، ڈی این اے ٹیسٹ کی سہولت آگئی ان لوگوں کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرائیں گے جو پاکستانی شناختی کارڈ کے مالک ہیں لیکن پاکستانی نہیں، ہنڈی حوالہ اور بجلی چوری کیخلاف آپریشنز چل رہے ہیں ،مزید سختی کریں گے، بجلی چوروں، ڈالر، چینی و گندم کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو ٹیکنالوجی کی مدد سے پکڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہاکسی کو بھی شدت پسندی کےخلاف اجارہ داری قائم نہیں کرنے دیں گے، اختیار ریاست کے پاس ہوتا ہے، سیاسی شدت پسندی، دہشتگردی، قوم پرستی یا مذہب کے نام پر ہو یا چاہے کسی بھی نام پر ہو ،تشدد پر عمل نہیں ہونے دیا جائے گا، بندوق کے زور پر اگر کوئی اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتا ہے تو ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا، پاکستان آئین و قانون کے مطابق چلے گا،سرفراز بگٹی نے کہااسلام کا نام لےکر ریاست پر حملہ آور ہونے والوں کوبڑی سختی کےساتھ کچلا جائے گا، کسی جتھے کو پنپنے دیں گے نہ اقلیتوں پر حملہ آور ہونے دیں گے ،ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہو گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاجنوری سے اب تک 24 خود کش حملے ہوئے ،24 میں سے 14 حملے افغان شہریوں نے کیے ،پشاور پولیس لائن مسجد میں خودکش حملہ بڑا واقعہ تھا، قلعہ سیف کے مسلم باغ میں پیش آنے والے واقعہ میں 6میں سے 5افغانی تھے، ژوب کینٹ کے حملے میں ملوث 5میں سے 3افراد افغانی تھے، ہنگو میں حملہ کرنےوالے کی شناخت بھی افغان شہری کے طور پر ہوئی۔
سرفراز بگٹی نے کہاکوئی شک نہیں افغان سرزمین سے حملے ہوتے ہیں اور افغان شہری ملوث ہوتے ہیں، ثبوت موجود ہیں، دفتر خارجہ افغان حکام سے رابطے میں ہے اور اپنا کام کررہا ہے،ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاصرف کہہ رہے ہیں کسی کو غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہونے دیں گے، غیرقانونی طور پر کسی کو آنے نہیں دیں گے جو ویزا لےکر آئے گا ہماری سر آنکھوں پر، مہمان ہو گا پھر چاہے کسی بھی ملک سے آئے، اپنے گھر کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو میرا خیال ہے حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔
روزانہ طویل وقت گاڑی چلانا دل کی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے: جدید تحقیق
آزاد اور خودمختار فلسطین کا قیام پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
رائزنگ سٹارز ایشیا کپ فائنل آج، پاکستان ٹائٹل کے دفاع سے ایک قدم دور
اداکار سلیم شیخ کی بیٹی کی شادی میں شوبز ستاروں کے رقص کی ویڈیوز وائرل
آزاد کشمیر، بھارتی ایما پر شرپسندی میں ملوث فسادی ٹولے کی حقیقت بے نقاب
نیتن یاہو کی آئزنکوٹ کو اتحادی حکومت میں پہلے وزیراعظم بننے کی پیشکش
بجلی صارفین پر 95 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری
قومی اسمبلی اجلاس یکم دسمبر کو طلب کرنے کی سمری ارسال، اہم قانون سازی متوقع
صدر اور وزیراعظم کا فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
حرمین شریفین کے تحفظ کا عزم، پاک فوج کے دستوں کی سعودیہ روانگی



















