نئی حلقہ بندیاں،ابتدائی فہرست شائع،،وزیراعظم بننے کیلئے169ووٹ درکار،نمبر گیم تبدیل

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)نمبر گیم تبدیل،وزیراعظم بننے کیلئے169ووٹ درکار،کراچی کی قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑھ گئیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کردی۔

الیکشن کمیشن نے کہاابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ بمع فارم 5 عوام کی آگاہی کےلئے شائع کر دی ، ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ ویب سائٹ پر بھی موجود ہے،کراچی میں قومی اسمبلی کی نشستیں 21 سے بڑھ کر 22 ہوگئیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستیں 44 سے بڑھ کر47 ہوگئیں،ضلع ملیر، شرقی اور ضلع وسطی میں ایک ، ایک نشست کا اضافہ ہوا جس کے بعد ضلع شرقی و وسطی میں سندھ اسمبلی کی نشستیں 9ہوگئیں،سانگھڑ سے قومی و صوبائی اسمبلی کی ایک، ایک جبکہ خیرپور اور ٹھٹھہ سے صوبائی اسمبلی کی ایک، ایک نشست کم ہوئی،قبل ازیں قومی اسمبلی میں کراچی کی نشستوں کی تعداد 21 اور سندھ اسمبلی میں 44 تھی۔

اعلامیے میں کہا گیاابتدائی حلقہ بندیاں 26 اکتوبر تک جاری رہے گی،اعتراضات 27 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں، اعتراضات دائر کرنے کےلئے متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا ضروری ہے،الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع کے نقشہ جات الیکشن کمیشن سے ضروری قیمت ادا کر کے لیے جا سکتے ہیں، بذریعہ کوریئر ڈاک و فیکس اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے، الیکشن ایکٹ 2017 کے رول 12 کے تحت اعتراضات جمع کرانا ہوں گے۔

حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہوگی، 60 فیصد خواتین کی مخصوص نشستیں ہوں گی، ایک حلقے میں ووٹروں کی تعداد 8 لاکھ سے زائد رکھی گئی ،پنجاب 141، سندھ 61، خیبر پختونخو 45 ،بلوچستان 16 ،اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 سیٹیں ہوں گی،پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297 برقرار رہے گی ،سندھ اسمبلی 130، خیبرپختونخوا115،بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشستیں 51 ہوں گی۔

صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں کی تعداد 593 اور خواتین کی 132 مخصوص نشستیں ہوں گی، اقلیتوں کےلئے صوبائی اسمبلیوں میں 24 نشستیں ہوں گی،حلقوں میں ووٹروں کی تعداد 3 سے 5 لاکھ کے درمیان ہے،خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کا حلقہ 9 لاکھ 7ہزار913، اسلام آباد کا حلقہ 7 لاکھ 87 ہزار 954، پنجاب کا حلقہ 9 لاکھ 5 ہزار 595، سندھ کا حلقہ 9 لاکھ 13 ہزار 52 جبکہ بلوچستان کا قومی اسمبلی کا حلقہ 9 لاکھ 30 ہزار 900 کی آبادی پر مشتمل ہوگا۔

خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی کا حلقہ 3 لاکھ 55 ہزار270، پنجاب اسمبلی کا حلقہ 4 لاکھ 29 ہزار 929، سندھ اسمبلی کا صوبائی حلقہ 4 لاکھ 28 ہزار 422 جبکہ بلوچستان صوبائی اسمبلی کا حلقہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 کی آبادی پر مشتمل ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کسی بھی صوبے کی کل نشستوں کو ووٹروں کی مجموعی تعداد کےساتھ تقسیم کرکے ہر حلقے میں کوشش کی گئی مساوی ووٹرز ہوں تاہم بلوچستان میں کئی نشستیں مختلف اضلاع پر بھی مشتمل ہیں۔

الیکشن کمیشن رپورٹ کے مطابق 2023 کی مردم شماری کے حتمی نتائج کی بنیاد پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر کام کیا گیا ،صوبے یا علاقے کی آبادی کو جنرل نشستوں کی کل تعداد سے تقسیم کیا ،قومی اسمبلی کی فی نشست اوسط آبادی یا کوٹہ حاصل کیا گیا اسی طرح ایک صوبے کی آبادی کو صوبائی اسمبلی کےلئے مختص کردہ جنرل نشستوں کی کل تعداد سے تقسیم کیا گیا تاکہ فی نشست کوٹہ حاصل کیا جا سکے،بلوچستان میں عجیب و غریب صورتحال کے باعث ایک سے زائد اضلاع کو جوڑ دیا اسی طرح دوسرے صوبوں میں جہاں ضرورت پڑی وہاں بھی چند کلبز بنادئیے۔

قومی اسمبلی کا پہلا حلقہ این اے ون چترال اور آخری 266 قلعہ عبداللہ و چمن ہوگا،پنجاب اسمبلی کا پہلا حلقہ پی پی ون اٹک اور آخری پی پی 297 راجن پور ہوگا،سندھ اسمبلی کا پہلا حلقہ پی ایس ون جیکب آباد ،آخری پی ایس 130 وسطیٰ کراچی ہوگا، خیبر پختونخوا کا پہلا حلقہ پی کے ون چترال اور آخری پی کے 115 ڈیرہ اسماعیل خان ہوگا جبکہ بلوچستان کا پہلا حلقہ پی بی ون شیرانی وژوب ،آخری پی بی 51چمن ہوگا،فہرست الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔

دوسری جانب نئی حلقہ بندیوں کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کیلئے نمبر گیم بھی تبدیل ہوگئی،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نئی حلقہ بندیوں کے بعد نئے وزیراعظم کو منتخب کرنے کےلئے 169 ووٹ درکار ہوں گے، پرانی حلقہ بندیوں کے مطابق وزیراعظم منتخب کرنے کےلئے 172 اراکین کی حمایت درکار تھی۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیاں چیلنج کرنے کےلئے صدر پی ایل ایف سینٹرل پنجاب راحیل کامران چیمہ کی قیادت میں لیگل ٹیم قائم کر دی،قائم مقام صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید نے تمام ضلعی تنظیموں و پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے سینٹرل سیکرٹریٹ پنجاب کو شکایت درج کرائیں،کسی قانونی امداد کی صورت میں پیپلز لائرز فورم کی ٹیم تعاون کرے گی۔