اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان کواٹک جیل رکھنے کانوٹیفکیشن کالعدم،اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر اڈیالہ منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ لےجایا گیا،عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم والی سہولیات فراہم کردی گئیں۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کاتفصیلی فیصلہ جاری کیا، عدالت نے فیصلے میں لکھا چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ،ٹرائل کورٹ نے اڈیالہ جیل میں رکھنے کا کہا مگر پٹیشنرکو اٹک جیل منتقل کیا گیا،تحریری حکم نامے میں کہا گیا توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے بعد پٹیشنر کاموجودہ سٹیٹس انڈر ٹرائل قیدی کا ہے، اسلام آباد کے کیسز کے انڈر ٹرائل قیدیوں کواڈیالہ جیل میں رکھا جاتاہے اور صرف سزایافتہ قیدیوں کو پنجاب کی کسی بھی جیل میں شفٹ کیا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا جیل میں تمام سہولتیں مہیا کی جائیں جس کے وہ حق دار ہیں۔
دریں اثنا سپیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس پر سماعت کی ،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین تحریک انصاف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کردی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا ،عدالتی عملے نے حاضری لگائی،بعد ازاں عدالت نے شاہ محمود قریشی کے بھی جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کردی۔
علاوہ ازیںسائفر کیس میں اسلام آبادہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سماعت کےلئے مقرر کر دی،چیف جسٹس عامر فاروق 2اکتوبر کو درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے ،کاز لسٹ جاری کر دی گئی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ منتقل،جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع



















