پارلیمانی کمیٹی جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا جائزہ نہیں لے سکتی،سپریم کورٹ
اسلام آباد(بیورورپورٹ) پارلیمانی کمیٹی جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا جائزہ نہیں لے سکتی،سپریم کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ میں ججزکی تعیناتی پر فیصلہ جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا عدلیہ کی آزادی ملک آئین کے تحت چلانے کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے، ریاست کے تینوں ستونوں کے اختیارات واضح ہیں، سنیارٹی کا اصول سول سروس میں محکمانہ پروموشن کمیٹی کیلئے بنیادی جزو ہے۔
فیصلے کے مطابق صرف سنیارٹی کی بنیاد پر کسی کو ترقی نہیں دی جا سکتی، ترقی و اعلیٰ تقرری کیلئے سنیارٹی کیساتھ میرٹ و اہلیت بنیادی جزو ہے سنیارٹی کا جائزہ اسی وقت لیا جاتا ہے جب میرٹ،اہلیت پرتمام امیدواریکساں ہوں، میرٹ سسٹم کے تحت ہی اہل و قابل افراد کو آگے آنے کا موقع ملتا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہاججز تقرری کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن میں تمام اراکین یکساں اہمیت کے حامل ہیں،پارلیمانی کمیٹی جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا جائزہ نہیں لے سکتی، پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کی مہارت جوڈیشل کمیشن ممبران سے یکسر مختلف ہے جوڈیشل کمیشن کاکام نامزد ججز کی اہلیت وقابلیت کا جائزہ لینا ہے۔
فیصلے کے مطابق پارلیمانی کمیٹی اورجوڈیشل کمیشن دونوں اپنی حدودمیں رہ کر ہی کام کر سکتے ہیں پارلیمانی کمیٹی کا فیصلہ مفروضوں و من پسند آبزرویشنز پر مبنی نہیں ہو سکتا، پارلیمانی کمیٹی ججز کے نام منظور یا مسترد کر سکتی ہے کمیشن کو واپس نہیں بھیج سکتی، عدالتوں کو ماضی کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے،عدالت عظمیٰ نے پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیلیں خارج کر دیں۔



















