اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید پر بلاول کےخلاف نازیبا الفاظ کا مقدمہ بلوچستان ،کراچی میں درج ہونے پر بلوچستان کے مدعی و کراچی تھانہ موچکو کے آئی او کے وارنٹ جاری کردئیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کےخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر شیخ رشید کےخلاف درج مقدمے کی سماعت ہوئی، شیخ رشید کی جانب سے کراچی ،بلوچستان میں درج مقدمات خارج کرنے کی درخواست کی گئی۔
ہائیکورٹ نے پوچھا شیخ رشید نے بیان اسلام آباد میں دیا مقدمات سندھ و بلوچستان میں کیسے درج ہوگئے؟ عدالت نے اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کرلی،عدالت نے طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر کراچی کے تھانہ موچکو میں درج مقدمے کے تفتیشی افسر کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے اور کہا آئی جی سندھ قابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کرائیں،ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا بتائیں پٹشنر نے کون سا لفظ غلیظ و غیر اخلاقی کہا ؟۔
سرکاری وکیل نے کہاتفتیشی افسر نے انویسٹی گیشن کی ہوگی،عدالت نے سرکاری وکیل سے پوچھا اسلام آباد میں واقعہ ہوا اور مقدمہ کراچی موچکو تھانے میں کیسے درج ہوا؟وکیل نے کہا سوشل میڈیا پر کسی نے واقعہ دیکھا اور مقدمہ درج کرا دیا۔
ہائیکورٹ نے کہااسلام آباد میں جو بھی واقعہ ہو تو کیا آپ کراچی میں مقدمہ درج کردیں گے؟ بےنظیر بھٹو شہید ہوئیں سوشل میڈیا پر آیا تو پرچہ لاڑکانہ نہیں پنڈی لیاقت باغ میں درج ہوا اگر یہاں کوئی قتل ہو جائے سوشل میڈیا پر چل جائے تو کیا کراچی میں مقدمہ ہوگا؟۔
شیخ رشید کےخلاف بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں درج مقدمے کا تفتیشی افسر پیش ہوا، بلوچستان پولیس نے کہا مدعی کو تلاش کیا لیکن نہیں مل سکا،عدالت نے کہاایف آئی آر کا کیا کیا؟ آپ کو تفتیش سے تو نہیں روکا تھا؟ بلوچستان پولیس نے کہا ایف آئی آر خارج کردیں گے۔
بعدازاں عدالت نے مدعی مقدمہ علی اصغر کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے اور کہا آئی جی بلوچستان آئندہ سماعت تک وارنٹ کی تعمیل کرائیں، آئندہ تاریخ سے پہلے بلوچستان پولیس رپورٹ جمع کرائے،بعد ازاں کیس کی مزید سماعت نومبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق وزیر داخلہ کی گرفتاری پر آئی جی پنجاب، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کرلیا،جسٹس صداقت علی خان نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا۔
شیخ رشید نے بیان اسلام آباد میں دیا مقدمات صوبوں میں کیسے درج ہوگئے؟،ہائیکورٹ

















