وزیر بلدبات کے احکامات نظر انداز،بلڈنگ برانچ میں مافیا راج،انتظامیہ سہولت کار

لاہور ( خبر نگار) زونل پلاننگ برانچ میں جونکوں کی طرح چمٹے مافیا کی کمر توڑنے پروزیر بلدیات کو انتظامیہ کے عدم تعاون کا سامنا، ایم سی ایل انتظامیہ وزیر بلدیات کے احکامات کا فالو اپ کرانے کی بجائے مافیا کی سہولت کار بنی ہوئی ہے جس کے باعث عرصہ دراز سے زونوں کی بلڈنگ برانچ پر قابض عملہ معطلی اور ٹرانسفر کے باوجود اپنی پوزیشنیں چھوڑنے پر راضی نہیں ہورہا۔

ہیڈ کوارٹر اور زونل انتظامی افسروں کے بھرپور تعاون کے باعث درجنوں کی تعداد میں ٹرانسفر ہونے والا عملہ سارا دن انہی زونوں میں کام کررہا ہے جہاں سے ٹرانسفر ہو چکا ہے، بلدیہ عظمیٰ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی نے بلڈنگ برانچ کے عملہ کو تبدیل کرنے کی جرات کی ہے مگر انتظامیہ کا عدم تعاون مافیا کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے میدان میں آچکا ہے۔

معلوم ہوا ہے نگران وزیر بلدیات عامر میر کے حکم پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ایم علی رندھاوا نے تمام زونوں کی بلڈنگ برانچ میں کام کرنے والے عملہ کی خدمات ان کی اصل برانچوں میں واپس بھجوانے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر متعدد اہلکاروں نے حکم امتناعی حاصل کرلیا تاہم حکم امتناعی بارے ڈائریکٹر ایڈمن کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد حکم امتناعی حاصل کرنےوالے ملازمین کو سرکاری احکامات نہ ماننے کی پاداش میں معطل کرکے پیڈا کے تحت انکوائری شروع کر دی گئی۔

تمام ملازمین کے مالی مفادات اس قدر جڑے ہوئے ہیں کہ ٹرانسفر، معطلی اور پیڈا انکوائری کے باوجود یہ لوگ ابھی بھی روٹین کے مطابق اپنے تمام امور انجام دے رہے ہیں اور پہلے کی طرح ہی غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی کر رہے ہیں لیکن یہاں حیران کن امر یہ ہے مافیا کی کمر توڑنے کے چکر میں بلڈنگ برانچوں کو خالی کردیا گیا ہے کام کرنے کےلئے نئی تعیناتیاں نہ ہونے کی وجہ سے مافیا کی راہ ہموار ہو گئی ہے جس پر ایڈمنسٹریٹر سمیت انتظامیہ کو سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔