پٹرول پمپ مالکان کی کھلم کھلا بدمعاشی، مہنگا ایندھن پورا ملنا بھی شہریوں کیلئے ناممکن، انتظامیہ بے حسی میں مبتلا

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد) نگران حکومت نے پٹرول پمپ مالکان کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان کے مارجن میں اضافہ کر دیا ہے، 15 ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف صوبائی دارالحکومت کے 95 فیصد پٹرول پمپ پر کم گیج پٹرول فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام اگر کسی پٹرول پمپ پر 500 روپے کا پٹرول ڈلواتے ہیں تو 400 روپے کا نکلتا ہے۔ اس سلسلے میں روزنامہ ”مشرق“ لاہور کی تاجروں اور عام شہریوں سے بات ہوئی ہوئی تو سلطان ٹاون کے رہائشی شان شانی نے کہا کہ 70 سی سی کی موٹر سائیکل کی ٹینکی 9 لیٹر کی ہوتی ہے، اگر آپ کسی پٹرول پمپ سے ٹینکی فل کرواتے ہیں تو 12 سے 13 لیٹر تک کا بل بنا دیا جاتا ہے۔ شادمان کے رہائشی جاوید اقبال نے کہا کہ شادمان میں موجود تمام پمپ کم گیج ہیں، پہلی بات یہ کہ کوئی چیک نہیں کرتا اگر کرتا ہے تو پٹرول پمپ سیل کیا جاتا ہے جو کہ بااثر مالکان اگلے دن ہی کھلوا لیتے ہیں۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے رہائشی جمال فاروقی نے کہا کہ پٹرول کم بھی دیا جاتا ہے اور اس میں پانی مکس کر کے فروخت کیا جاتا ہے جس سے گاڑیوں کے انجن خراب ہو جاتے ہیں۔ ہمارا نگران حکومت سے مطالبہ ہے کہ پٹرول پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے روزانہ کی بنیاد پر ان کی گیج چیک کی جائے۔