اقتدار کو طول دینے کا پروگرام نہیں، نگران وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے ملکی مفاد میں معاشی و سیاسی فیصلے کررہے ہیں،اقتدار کو طول دینے کا کوئی پروگرام نہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا فوکس معیشت کی بحالی ہے، ایس آئی ایف سی میں زراعت، مائنز اینڈ منرل، آئی ٹی پر توجہ ہے،منتخب حکومت کامعاملات پر وقت ضائع نہیں ہوگا،معیشت کی بہتری کےلئے اقدامات جاری ہیں، وفاق و صوبائی نگران حکومتوں میں مختلف امور پر یکساں موقف ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا9مئی کے جلاو گھیراو کوعالمی میڈیا نے بھی رپورٹ کیا، ملوث افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جارہا ہے، آئین و قانون کے مطابق تمام شہری برابر ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت پر کوئی قدغن نہیں،پی ٹی آئی پر بحیثیت جماعت کوئی پابندی نہیں لگی، قوانین کے تحت ہی فیصلے ہوں گے، پارلیمنٹ نے قانون پاس کیا ، قانون کے تحت الیکشن کمیشن کو الیکشن تاریخ دینے کا اختیار دیا گیا ۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا نہیں پتہ نوازشریف کب ملک آئیں گے، نوازشریف 3 مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ، مروجہ قوانین کے تحت اگر انہیں کوئی پرویلج حاصل ہے توملیں گی، نوازشریف کا معاملہ عدالتوں کے سپرد ہے، قوانین کے تحت ہی رویہ اختیار کیا جائے گا۔

نگران وزیراعظم نے کہا بہت سارے لوگوں کا خیال ہے الیکشن کے بعد بھی استحکام نہیں آئے گا، تو کیا الیکشن کی طرف نہ جائیں؟ سیاسی استحکام کےساتھ یکساں ہوکرچلنا پڑے گا،دہشتگردی کسی صورت قبول نہیں، پاکستان کے افغانستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات ہیں، ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی بحالی کے اقدامات جاری ہیں، افغانستان کےساتھ سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، افغانستان کو سمجھ آرہی ہے ہمسایوں کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا، افغان گروہوں کے ہاتھ اسلحہ لگ گیا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا شروع سے ہی کسی بھی دہشتگرد گروپ سے بات چیت کے قائل نہیں تھے، بدامنی کا حق کسی فرد یا گروہ کو نہیں دیا جاسکتا، آخری گھنٹے تک ریاستی رٹ قائم کرنے کےلئے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،جی 20 کانفرنس میں جنرل گفتگو ہوئی ، چین دنیا کی بڑی اکانومی بن چکا، جی 20 کانفرنس سے پاکستانی مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچ رہا، میچوراندازمیں خارجہ تعلقات کو دیکھ رہے ہیں، لک افریقہ پالیسی بنالی ، افریقہ، چین کےساتھ کنیکٹ ہورہا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا ایسا نہیں سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ تعلقات ترک کرکے کسی اور سے جوڑ لئے، سعودی عرب سے بہت امیدیں ہیں، کشمیر بدن کا حصہ ہے، تکمیل پاکستان کا خواب کشمیر کے بغیرادھورا ہے، پاکستان کشمیرکے بغیر نامکمل ہے،بھارت کو کھیلوں میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے، بھارت کی طرح پوائنٹ سکورنگ نہیں کریں گے، پروفیشنل اندازمیں کرکٹ کو آگے لیکر چلیں گے،کوئی ٹیم پاکستان آنا چاہے تو سر آنکھوں پر، کسی کو زبردستی گھر نہیں بلایا جاسکتا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا بلوچستان کے وائس چانسلرزسے بات چیت ہوئی ، ایچ ای سی کے ساتھ اگلے ہفتے سیشن ہوگا، جلد ہی نگران حکومت کی پالیسی واضح ہوگی، آئی ایم ایف کےساتھ بجلی بلوں پر معاملات چل رہے ہیں، معیشت جس اندازمیں جکڑی لوگوں کو احساس ہے،نگران وزیراعظم نے کہا بجلی چوری جیسی خرافات کا خمیازہ سب کو مشترکہ بھگتنا پڑتا ہے، مفت بجلی پر غلط فہمیاں تھیں، واپڈا کے ایک سے 16 گریڈ کے افسروں کو یونٹ ملتے ہیں، خاص بات ہے مایوس نہیں ہونا، اپنے گھر کی اونرشپ لینا ہوگی۔

دریں اثناوزیراعظم سے مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی اور جڑانوالہ واقعہ پر بروقت اقدامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا تمام ریاستی مشینری اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کیلئے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں ،آئین ذات پات، نسل و رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، مذہبی، سیاسی اور معاشی حقوق دیتا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہاجڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ ایسے واقعات کا سد باب ہو سکے، اقلیتی برادری اپنے مسائل و تجویز حکومت تک پہنچائے، جہاں تک ممکن ہوا مسائل حل کرینگے ،انوار الحق کاکڑ نے کہااقلیتی برادری پاکستانی افرادی قوت کا بنیادی حصہ اورملکی ترقی میں اہم کردار ہے،وزیراعظم نے زور دیا ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن و خوشحال معاشرے کی تشکیل ہو سکتی ہے، انتہا پسندی کو ختم کرنے کےلئے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

وفد نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے خالد جارج کی بطور نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق تقرری کو خوش آئند قرار دیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنحسین نے ملاقات کی ،نگران وزیر خرانہ شماد اختر بھی شریک تھیں ، انوار الحق کاکڑ نے کہا عالمی بنک پاکستانی پسماندہ علاقوں بالخصوص بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں کی ترقی کیلئے کردار ادا کر رہا ہے،حکومت کی ترجیح ہے پسماندہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔

نگران وزیراعظم نے کہاعالمی بنک نے 2022کے تاریخی سیلاب میں متاثرہ لوگوں کی مدد و بحالی میں اپنا کردار ادا کیا،متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی کے کام کو جلد مکمل کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن انتظامی مدد فراہم کرے گی۔

ناجے بنحسین نے وزیر اعظم کو عالمی بنک کے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، سندھ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں و جنیوا میں عالمی بنک کی طرف سے سیلاب متاثرین کےلئے اعلان کی گئی امدادی رقم کی فراہمی پر ہونےوالی پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

علاو ہ ازیںنگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے کرلیے، حج انتظامات کے جائزے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا،وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج 2023 میں حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرنے اور حجاج کی سہولیات و شکایات کے اندراج کیلئے موبائل ایپلی کیشن و ویب سائٹ بنانے کی ہدایت کر دی۔

انوار الحق کاکڑ نے نجی حج کمپنیوں کی شکایات پر رپورٹ پیش کرنے و نظام کیلئے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کی جائے،یقینی بنایا جائے نجی کمپنیوں سے جانے والے حاجیوں کو کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں، حجاج کےلئے کیے جانےوالے انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔