صدرفوری انتخابات کی تاریخ دیں ورنہ آئین کی بے حرمتی کے ذمہ دار ہوں گے،PTI

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے صدر مملکت سے عام انتخابات کی فوری تاریخ دینے کامطالبہ کردیا۔

کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے فوری تعین کےلئے قرار داد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ،آئینی، سیاسی، جمہوری، انتظامی، معاشی و سماجی سطح پر نہایت پیچیدہ مسائل اور بحرانوں کا سامنا ہے،اپریل 2022 میں رجیم چینج سازش کے غیرجمہوری و غیرآئینی اقدام نے ریاستی ڈھانچے اور نظم حکومت میں فساد و انتشار کو جنم دیا، رجیم چینج سازش نے قومی سلامتی، ملی یکجہتی، قومی تعمیر و ترقی، جمہور کے بنیادی حقوق اور زندگیوں میں ناقابل تصور ہیجان و اضطراب پیدا کیا۔

کورکمیٹی نے کہاہر گزرتے دن کےساتھ ہیجان و اضطراب میں شدت آرہی ہے، پنجاب ،خیبرپختونخوا اسمبلیاں بالترتیب 14 اور 18 جنوری 2023 کو تحلیل کی گئیں، پی ڈی ایم حکومت نے دستور کے آرٹیکل (2)224 کی منشا کے مطابق 90 روز میں انتخابات کرانے سے گریز کیا۔

اعلامیے میں کہا گیادستور کا آرٹیکل (5)48 قومی اسمبلی کی قبل ازوقت تحلیل کی صورت میں صدرمملکت کو انتخابات کے انعقاد کیلئے 90 روز کی مدت کے اندر کسی تاریخ کے تعین کا پابند بناتا ہے،چنانچہ صدرمملکت اپنا دستوری فریضہ نبھائیں اور آئین کی بالادستی یقینی بناتے ہوئے بلاتاخیر ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں، آئین کی بالادستی صدر کے منصب کا کلیدی تقاضا ہے،صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تو آئین کی بے حرمتی ،عوام کے بنیادی آئینی دستوری و جمہوری حقوق کی پامالی کے ذمہ دار ہوں گے۔