سمگلنگ بھی مشکلات کی بڑی وجہ ،ملوث افسروں کو سزا دی جائے،وزیراعظم

اسلا م آباد (بیورورپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کسٹمز حکام و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک سے چینی، پٹرولیم مصنوعات، یوریا، زرعی اجناس و دیگر اشیا کی سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہاسمگلنگ میں ملوث افسروں کےخلاف موثر محکمانہ کارروائی یقینی بناتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے،معاشی مشکلات کی بڑی وجہ سمگلنگ بھی ہے، ٹیکس چوری، ڈالر کی بڑھتی قیمت ودیگر مسائل سمگلنگ سے جڑے ہیں۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت سمگلنگ کے سدباب کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،پورے ملک بالخصوص سرحدوں پر مختلف اشیا کی سمگلنگ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے کسٹمز حکام و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک میں چینی، پٹرولیم مصنوعات، یوریا، زرعی اجناس و دیگر اشیا کی سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کردی،وزیراعظم نے ہدایت جاری کی بلوچستان میں سمگلنگ میں ملوث سرکاری افسروں کی انٹر ایجنسی رپورٹ مرتب کی جائے، تادیبی کارروائی کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اداروں کی کارکردگی کا خود ہفتہ وار جائزہ لونگا، ملکی معیشت کے مجموعی حجم کو سمگلنگ کی وجہ سے اربوں کا نقصان ہوتا ہے،ناسور کو ختم کرنا ناگزیر ہو چکا،وزیراعظم نے ہدایت کی ایران کےساتھ بارڈر مارکیٹ میکنزم کو مستحکم کیا جائے تاکہ دو طرفہ تجارت باقاعدہ دستاویزی عمل سے ممکن ہو سکے۔

دریں اثنانگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ممتاز کشمیری رہنما علی گیلانی کو دوسری برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ،اپنی ٹوئٹ انوار الحق کاکڑ نے کہاظلم و ستم سہنے کے باوجود کشمیر کاز سے علی گیلانی کی وابستگی بے مثال تھی۔