جلد انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کادورانیہ کم،30نومبر کی تاریخ مقرر

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جلد انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کابڑا اقدام،حلقہ بندیوں کے دورانیے میں کمی،30نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت و فیڈ بیک کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم اجلاس ہوا ،عام انتخابات کا شیڈول اور حلقہ بندیوں کے امور زیر غور آئے۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت ،فیڈ بیک کے بعد حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کر دیا اب حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی، حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد جلد انتخابات ممکن بنانا ہے، حلقہ بندیوں کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن شیڈول کا اعلان بھی کردیاجائےگا،چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے کام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

قبل ازیںچیف الیکشن کمشنر سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے وفد نے ملاقات کی،نئی حلقہ بندیوںو انتخابی فہرستوں کی تجدید پر بات چیت ہوئی،جی ڈی اے نے اپنے مطالبات سکندر سلطان راجہ کے سامنے رکھے۔

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے مطالبہ کیا انتخابات کیلئے حلقہ بندیاں شفاف انتخابات کی بنیاد ہیں، نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام مکمل کیا جائے، انتخابی فہرستوں کی تجدید کرکے انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے بعد کرائے جائیں،حلقہ بندیاں ٹھیک نہیں ہوں گی تو شفاف انتخابات ہو ہی نہیں سکتے۔

وفد نے مطالبہ کیاالیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق تمام صوبائی افسروں کے ٹرانسفرز کو یقینی بنایا جائے، چیف الیکشن کمشنر کے نگران وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھنے کے باوجود ٹرانسفر و پوسٹنگ نہیں روکی جا رہیں،گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے الیکشن کمیشن کے سامنے مطالبہ رکھا غیر جانبدار ریٹرننگ افسروں کو لگایا جائے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، مختلف وفاقی سروسز کے افسروں کو ریٹرننگ افسرتعینات کیا جائے اور تمام انتظامات مکمل کرنے کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

جی ڈی اے نے کہاالیکشن کمیشن کے ایکشن پلان پر سختی سے عمل ہونا چاہیے، تمام بلدیاتی اداروں کو انتخابات تک معطل کیا جائے، ایڈمنسٹریٹرز تعینات کئے جائیں تاکہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا آئین و قانون کے تحت شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، جی ڈی اے کی مختلف تجاویز انتہائی اہم ہیں، الیکشن کمیشن قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،سکندر سلطان راجہ نے کہاالیکشن کمیشن جی ڈی اے کی تجاویز پر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا اور حلقہ بندیوں کے کام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کیلئے تمام صوبوں کی نگران حکومتوں سے رابطہ کیا، صوبوں نے الیکشن کمیشن کو 11 سے 25 فروری کے درمیان انتخابات کرانے کی سفارش کردی،ذرائع کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد متوقع ہے۔