سائفر کیس ، شاہ محمود قریشی کاریمانڈ منظور ہونے کی ہیٹرک

اسلا م آباد(بیورورپورٹ)سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کاریمانڈ منظور ہونے کی ہیٹرک،سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم سپیشل کورٹ نے 2 روزکیلئے ایف آئی اے کی تحویل میں دےدیا۔

سپیشل کورٹ کے جج ابو الحسنات نے شاہ محمود قریشی کےخلاف سائفر کیس پر سماعت کی ،ایف آئی اے نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔

دوران سماعت ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگا،وکیل صفائی بابراعوان نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور اپنے دلائل میں مختلف اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا قریشی کا سائفرکیس سے کوئی تعلق نہیں۔

سپیشل پراسیکیوٹر نے شاہ محمود قریشی کا موبائل برآمدکرنے کےلئے مزید 5 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ سناتے ہوئے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرلی،عدالت نے ریمارکس دئیے کیس میں پیش رفت نہ ہوئی تو مزید جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جائےگا۔