اٹک،لاہور( مشرق نیوز،کرائم رپورٹر)سابق وزیراعظم ایک بار پھر 9مئی واقعات سے منحرف،چیئرمین پی ٹی آئی نے جے آئی ٹی کو دوران تفتیش کہا9مئی کے جلاﺅ گھیراﺅ میں کارکن نہیں کوئی اور ملوث تھا۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشورکی سربراہی میں جے آئی ٹی نے اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے دوران تفتیش30 منٹ تک سوالات کیے،جے آئی ٹی نے کہاآپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں۔
سابق وزیراعظم نے جواب دیامیں گرفتار ہوگیا تھا کسی کو فون کر کے اشتعال نہیں دلایا،سوال کیا گیا لوگ کنٹونمنٹ کے علاقے میں کیوں گئے ،چیئرمین نے جواب دیا جنہوں نے پکڑا انہی کی طرف جانا تھا آپ کے لوگ پکڑتے تو تھانوں کی طرف جاتے۔
جے آئی ٹی نے سوال کیا ایسی ویڈیوز و کلپس ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں،عمران خان نے جواب دیا کسی کو نہیں اکسایا سب اپنے طور پر کنٹونمنٹ علاقے میں گئے، 9 مئی کے جلاو گھیراو میں کارکن نہیں کوئی اور ملوث تھا،سوال کیا گیا آپ کے اشتہاری ملزموں اسلم اقبال، حماد اظہر اور مراد سعید سے بھی رابطوں کے کچھ شواہد ملے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے جواب میں کہا شواہد ہیں تو رابطے کرنا کون سا جرم ہے، آپ کو جو بات کرنی ہے میرے وکیل سے کریں،جے آئی ٹی نے کہا وکیل کو عدالت میں بلائیے گا ہم تفتیش کرنے آئے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے قانونی امور کے ترجمان نعیم پنجوتھا نے کہا ہے سابق وزیراعظم کو ایسے فیصلے میں گرفتار کیا گیا جس میں ہزار قانونی غلطیاں ہیں،صحافیوںسے گفتگو میں نعیم پنجوتھا نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو قید ہوگئے 22 دن ہوگئے، آئین کسی کی غیر قانونی گرفتاری کی اجازت نہیں دیتا،اعلیٰ عدلیہ نے فیصلہ غلط قرار دےدیا تو جیل میں گزارے دنوں کا ازالہ کون کرے گا؟۔
نعیم پنجوتھا نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی ہزار سال جیل میں رہنے کو تیار ہیں لیکن قوم ایک لمحہ بھی جیل میں دیکھ نہیں سکتی۔
جلاﺅ گھیراﺅ میں کارکن نہیں کوئی اور ملوث تھا،چیئرمین پی ٹی آئی



















