بھارت نے ستلج میں چوتھا ریلا چھوڑ دیا،حفاظتی بند ٹوٹنے سے متعدد دیہات زیر آب

لاہور، بہاولنگر، قصور (خبر نگار،بیورورپورٹ)بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا،ستلج میں چوتھا سیلابی ریلا چھوڑ دیا ،حفاظتی بند ٹوٹنے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع منچن آباد، بہاولنگر، چشتیاں اور قصور کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں،20 ہزار علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

پانی کے تیز بہاو کی وجہ سے بابا فرید پل کے قریبی حفاظتی بند ٹوٹنے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا،ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی طور پر ہیوی مشینری کو طلب کر کے تیزی کیساتھ حفاظتی بند بنانے کا کام شروع کر دیا،متاثرہ علاقوں میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، ہزاروں ایکڑ کاشت فصلیں تباہ ہونے سے کسانوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے، سیلاب متاثرین نے علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔