ظالمانہ بلوں کیخلاف شہر شہر احتجاج، بجلی کمپنیاں خوفزدہ، سیکورٹی مانگ لی

لاہور،کراچی،پشاور،اسلام آباد،مظفر آباد(خبرنگار،بیورورپورٹ)ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے بعد بھاری بلز اور ٹیکسز نے عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں عوام بلز میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروا یا،ملک کے بیشتر چھوٹے بڑے شہروں میں مہنگی بجلی کے خلاف تاجروں کی جانب سے مظاہرے کیے گئے جس میں حکومت سے بجلی کے بلوں میں شامل اضافی ٹیکس اور بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت کو کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا،صوبائی دارلحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی جانب سے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے،مظاہرین نے بلز میں بھاری ٹیکسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ارباب اختیار سے بجلی کے بلوں میں فوری طور پر کمی کرنے کا مطالبہ کیا،شہر قائد میں بجلی کے بھاری بلز اور ٹیکسز کے خلاف تاجر تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، عوام کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف جامع کلاتھ مارکیٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا،احتجاج میں تاجر برادری بھی شریک ہوئی، مظاہرین نے ہاتھوں میں کے الیکٹرک کے خلاف بینرز، پوسٹرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی،مہنگی بجلی اور بھاری بھرکم بلوں کے خلاف پشاور کے عوام بھی سراپا احتجاج رہے، گلبہار اور دیگر علاقوں کے مکینوں نے انم صنم چوک میں احتجاج کیا۔