تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات کیلئے متحد ہو کر تحریک چلانا پڑے گی:پی ڈی ایم

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد نے کہا ہے کہ اگر انتخابات کے انعقاد میں تاخیر ہوئی تو یہ خاموش ڈکٹیٹر شپ ہو گی ، اللہ نہ کرے ایسا ہو لیکن محسوس ہو رہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات کی طرف جانے کیلئے متحد ہو کر تحریک چلانی پڑے گی ، ایک دن آئے گا سارے سیاستدان الیکشن الیکشن الیکشن کہیں گے ،جو نعرہ پی ٹی آئی چیئرمین کا تھا وہ مسلم لیگ کا بھی ہوگا ، نگران وزیر اعظم کا اختیار صرف صاف ،شفاف اورانتخابات کا انعقاد ہے ، اگر یہ اس سے آگے پیچھے ہو جاتے ہیں تو ا ن کا اختتام اور انتہا بھی اٹک اور اڈیالہ ہوگا ۔ ایک انٹر ویو میں حافظ حمد اللہ نے صدر مملکت کی جانب سے بلز پر دستخطوں کے حوالے سے ٹوئٹ پر کہا کہ کس کی خدمت ہو رہی ہے ،صدر کس کی خدمت کر رہے ہیں ،حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی وہ کس کی خدمت کر رہی ہے، سپریم کورٹ نوٹس نہیں لے رہی ،چاروں طرف خاموشی ہے کیا یہ مذاق نہیں ؟،لہٰذا حکومت اس کی انکوائری کرے اگر حکومت سوئی ہوئی ہے تو سپریم کورٹ نوٹس لے ۔