مشکل معاشی صورتحال میں ملک وسائل کے ضیاع کا متحمل نہیں ہوسکتا :ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کے لگائے گئے صنعتی منصوبوں اور بورڈ کی 1997 میں تحلیل کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ نے 14 صنعتی منصوبے لگائے جن میں 5 شوگر ملیں، 3 ٹیکسٹائل ملز اور 6 رائس ملز شامل ہیں۔ بورڈ کے لگائے تمام صنعتی منصوبوں کی نجکاری ہوچکی ہے، واجبات کی وصولی کے حوالے سے مختلف عدالتوں میں 18 مقدمات زیر التواءہیں۔مقدمہ بازی اور واجبات کی وصولی کے امور طے کرنے کےلئے بورڈ کی تحلیل کے بعد ایڈمنسٹریٹر کے تحت سیل کام کررہا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 کروڑ روپے کے واجبات کی وصولی کیلئے 1997 سے ہر سال سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے کے اخراجات افسوناک امر ہے۔ مشکل معاشی صورتحال میں ملک کسی صورت وسائل کے ضیاع کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ معاملات کو سٹیک ہولڈرز کیساتھ مل بیٹھ کر جلد طے کیا جائے۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب کی نگران وزارت صنعت وتجارت نے صنعتکاروں اور تاجروں کے برسوں پرانے کیسز حل کر دیے ہیں۔بورڈ کے لگائے گئے صنعتی منصوبوں کی نجکاری کے حوالے سے واجبات کی وصولی اور دیگر معاملات بھی جلد نمٹانا ہے۔ سیکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ، ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز، تحلیل شدہ بورڈ کے مختار احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔