بہاولپور (بیورو رپورٹ) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ عوامی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب سے نبردآزما ہونے کےلئے ضلعی انتظامیہ بشمول تمام حکومتی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ضلع بہاولپور کے دریائی علاقہ ماڑی قاسم شاہ اور موچی والا بند کے دورہ کے موقع پر عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق ایم پی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور میاں شاہد اقبال سمیت کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل طیب،اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی عدیل خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122باقر حسین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر تنویر شاہ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک سبطین بخاری ،عمائدین علاقہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ دریائے ستلج کے سیلابی پانی کے پہلے ریلہ سے ضلعی انتظامیہ موثر حکمت عملی سے نبردآزما ہوئی ہے اور ممکنہ سیلاب سے نبردآزما ہونے کےلئے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دریائی علاقوں کے مکین پریشان نہ ہوں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیںتاکہ انہیں مکمل طور ریلیف فراہم کرتے ہوئے ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائی علاقے کی آبادیوں کوانکے مال ومویشیوں سمیت محفوظ علاقوں کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے اور اب تک 76ہزار سے زائد افراد کو ممکنہ سیلاب کے علاقہ سے محفوظ آبادیوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے بتایا کہ دریائی علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے ریسکیواینڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ نیز دریائی علاقہ کے آبادکاروں اوران کے مال مویشی و فصلات کا سروے بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ دریائی علاقہ کی آبادیوں کوممکنہ سیلابی ریلہ سے محفوظ رکھنے کےلئے تمام محکمہ جات مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ علاقہ کے 30سے زائد بند و پشتوں کی مضبوطی قائم رکھنے کیلئے بھی مو¿ثر اقدامات کئے جائیں۔دریں اثناءگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور انہیں مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ممکنہ سیلاب سے نبرد آزما ہونے کیلئے تمام حکومتی ادارے متحرک ہیں: گورنر پنجاب



















