اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے جڑانوالہ واقعہ پر نگران وزیراعظم نے واضح کردیا اسلام کے نام پر کسی دوسرے مذہب کی تضحیک نہیں ہونے دیں گے، ریاستی طاقت مظلوموں کےساتھ کھڑی ہے، اکثریت ہیں لیکن اکثریتی غلبے کا طرز اختیار نہیں کریں گے،ملک کو عوام کے منتخب نمائندے ہی چلائیں گے،نگران حکومت کی توجہ ملکی معیشت پر رہے گی،وفاقی کابینہ کے سرکاری اخراجات کو کم کرنا ہوگا ،ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے دن رات کام کریں گے،مسئلہ کشمیر روح ہے ،کبھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستی فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے،انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کاکام ہے،کہیں تو کل کرادیں گے۔
وزیر اطلاعات کا حلف اٹھانے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا آئین میں واضح ہے ملک کو منتخب نمائندے ہی چلائیں گے،منتخب جمہوری حکومت آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ و شفاف انتخابات کے نتیجے میں ہی ممکن ہے،ذمہ داریاںآئین و قانون کے تحت پوری کرینگے۔
نگران وزیراطلاعات نے کہاوفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کےساتھ صاف و شفاف انتخابات کےلئے بھرپور تعاون کرے گی ،چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات میں یقین دہانی کرادی ،وزیراعظم نے کہا الیکشن کے دن پہلا ووٹ میں اور کابینہ اراکین ڈالیں گے، انوار الحق کاکڑ نے ملک کے بنیادی ڈھانچے بشمول سڑکوں و دیگر ضروری مقامات کی تعمیر و بحالی پر زور دیا جبکہ سیکرٹری کابینہ نے نگران کابینہ کو کارروائی اور قوانین سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہاوزیراعظم نے معاشی بحالی پر کمیٹی تشکیل دےدی ،وزارت خزانہ،تجارت ،توانائی، سپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل و دیگر متعلقہ وزارتوں کے اراکین شامل ہوں گے ،کمیٹی معاشی بحالی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میںنگران وزیراطلاعات نے کہامعاشی بدحالی، مہنگائی، افراط زر اور غربت حقیقت ہیں ،انکار نہیں کیا جا سکتا جب پٹرول بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو افراط زر و مہنگائی کا طوفان اپنے ساتھ لاتا ہے،عالمی مارکیٹ میں نرخ بڑھنے پر پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے،وفاقی کابینہ کو احساس ہے ،اپنے اخراجات نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاالیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر حلقہ بندی کا شیڈول دےدیا، الیکشن کمیشن 90 دن میں الیکشن کا کہے گا تو ایک گھنٹہ کرسی پر نہیں بیٹھیں گے،ملک کو معاشی عدم استحکام کا شکار نہیں کریں گے، پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں کابینہ کا سائز کم ہے، زیادہ کابینہ اراکین کا تعلق متعلقہ شعبوں سے ہے، پچھلی حکومت کے فیصلوں کا تسلسل برقرار رکھیں گے،نگران حکومت کاکام بولے گا،آئی ایم ایف کا منجمد پروگرام بڑی مشکل سے دھکا لگا کر سٹارٹ کیا گیا، آئی ایم ایف سے کچھ وعدے کئے گئے ، وعدوں میں شامل ہے بہت زیادہ سبسڈی نہیں دیں گے،پوری کوشش ہوگی اپنے حلف کی پاسداری کریں،سب کافرض ہے نفرت کے لاوے روکیں، ہرکام ڈنڈے سے ٹھیک نہیں ہوگا۔
پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستی فروخت نہیں کرسکتے،مرتضیٰ سولنگی



















