گوادر حملے میں ملوث تمام حملہ آورجہنم واصل،افغانستان دہشتگردی روکے،پاکستان

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے سکیورٹی فورسز نے گوادر حملے میں ملوث تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا،افغانستان دہشتگردی روکے۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے مبینہ لیک پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا دستاویزات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے،13 اگست کو گوادر میں سی پیک پر کام کرنےوالے چینی انجینئرز پر حملہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے تمام چینی انجینئر محفوظ رہے۔

ترجمان نے کہا سکیورٹی فورسز نے گوادر حملے میں ملوث تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، پاکستان تمام چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنا رہا ہے،بزدلانہ واقعات سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے،ملک میں سیاسی صورتحال پر مختلف غیر ملکی حکومتوں کےساتھ رابطے میں ہیں،پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وستم کی مذمت کرتا ہے، اقوام عالم کو بھی کشمیریوں کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہابھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی فراہم کی جائے،امید ہے بھارت پاکستان کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرےگا ، گراونڈ اور باہر پاکستانی کھلاڑیوں کو ممکنہ ہراساں ہونے سے بچایا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا روسی عوام اور حکام کا یوم آزادی منانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،پاکستان افغان عبوری حکومت کےساتھ دہشت گردی سمیت تمام ایشوز پر رابطوں میں ہے،امید ہے افغان حکام سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،افغانستان سے دہشتگردی پر شدید تشویش ہے،دہشت گردی دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کررہی ہے،ایران اور سعودی عرب کے درمیان بات چیت خوش آئند ہے ۔