سائفر کا متن سچ ہے تو ”بڑا جرم“ الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے ،شہباز

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ امریکی ویب سائٹ پر شائع سائفر کا متن سچ ہے تو ”بڑے جرم“ کے مترادف ہے، خدانخواستہ اگر اتحادی حکومت امریکی سازش سے بنی ہوتی توسب کیلئے ڈوب مرنے کا مقام تھا، پی ٹی آئی دور میں خارجہ پالیسی کو بہت نقصان پہنچا، نیازی کا بیانیہ تھا امریکی سازش سے اتحادی حکومت آئی مگر جھوٹ ہے، سازشی الزامات سر سے پاوں تک جھوٹ کا پلندہ، کوئی حقیقت نہیں، بھارت کےساتھ تعلقات کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر معمول پر نہیں آسکتے۔ نوازشریف اگلے ماہ پاکستان آکر قانون کا سامنا کریں گے۔

انٹرویو میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے تصدیق کی پاکستان کےخلاف کوئی غیرملکی سازش نہیں، اسد مجید نے بھی ملاقات میں کہا سازش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ شہبازشریف نے سائفر تنازع پر اپنی سربراہی میں ہونےوالے قومی سلامتی کمیٹی کے 2 اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ملاقات میں سابق سفیر و سیکرٹری خارجہ اسد مجید نے واضح طور پر کہا ڈونلڈ لو سے ملاقات میں کسی سازش پر بات نہیں ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا گفتگو میں سازش کی بات دور دور تک نہیں، خدانخواستہ اگر حکومت امریکی سازش سے بنی ہوتی تو سب کیلئے شرمناک لمحہ ہوتا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا امریکی ویب سائٹ پر شائع سائفر کا مواد سچ ہے تو بڑا جرم ہے، سابق دور میں برادر ممالک سخت نالاں اور ناراض تھے، چیئرمین پی ٹی آئی نے سعودی عرب جیسے ملک کےساتھ بھی تعلقات خراب کئے، سعودی عرب کو نیچا دکھانے اور تنہا کرنے کےلئے بلاک بنانے کی کوشش کی گئی، کتنی افسوسناک و گری سوچ ہے، وہ دوست ملک جو بغیر کسی شرط و لالچ اور کسی بدلے کی توقع کئے آپکی بھائی، خاندان کی طرح مدد کرے، ہم اسی کے احسان فراموش بن جائیں اور کہیں سعودی عرب کے بغیر کشمیر کاز کو آگے بڑھا سکتے ہیں، دونوں برادر ممالک میں اتنی خراب صورتحال کا کبھی سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا جو نیازی کے دور میں ہوئی۔

شہبازشریف نے کہا نیازی کا بیانیہ تھا امریکہ نے پی ٹی آئی حکومت چین، روس کی طرف زیادہ راغب ہونے پر گرائی، اگر امریکی سازش سے خدانخواستہ حکومت بنتی تو روس سے تیل ملتا؟ چین سے تعلقات بحال ہوتے، تو بس یہی ثبوت کافی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے امریکہ پر الگ الگ بیان دئیے، دوسرے بیان میں کہا امریکہ کی جانب سے کوئی سازش نہیں کی گئی، کیا اس طرح کوئی سابق وزیراعظم پاکستان کےخلاف زہر اُگلے گا؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا امریکہ نہیں، فلاں، فلاں نے سازش رچائی۔

وزیراعظم نے کہا سمجھتا ہوں بیانیہ سر سے پاو¿ں تک جھوٹ کا پلندہ ہے۔ پاک، امریکہ تعلقات میں دراڑ ختم کرنے کیلئے بڑی محنت کی گئی، کشمیر کی وادی بزرگوں، ماو¿ں، بچوں کے خون سے سرخ ہوگئی، کشمیر کی آزادی، خودارادیت کا مسئلہ طے ہوئے بغیر بھارت سے تعلقات کیسے نارمل ہوسکتے ہیں؟ تنازعات حل ہونے تک تعلقات بحال نہیں ہوسکتے۔

نگران وزیراعظم کی تعیناتی میں تاخیر کے سوال پر شہبازشریف نے کہا اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس سے قبل آئین کے تحت اپوزیشن لیڈر، وزیراعظم کے درمیان نگران وزیراعظم پر مشاورت نہیں ہوسکتی اب جبکہ اسمبلی تحلیل ہونے سے پہلے مرحلہ مکمل ہوگیا تو اپوزیشن لیڈر سے بات ہوگی، ابھی نگران وزیراعظم کے نام نہیں بتا سکتے مگر جو بھی بات ہوگی پردے میں نہیں ہوگی اور معاملہ سامنے آجائےگا۔

نگراں وزیراعظم کے نام پر نوازشریف سے بھی مشاورت کرونگا، مرحلے کو خوش اسلوبی سے طے کرلیں گے، اُمید ہے 3 دن میں نگراں وزیراعظم کا نام فائنل ہوجائےگا۔

وزیراعظم نے کہا انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے، الیکشن کرانے والے اداروں کو آئین کی پاسداری کرنی چاہئے، آئینی تقاضا ہے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں، ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی اتحاد کیا، 13 جماعتوں کا اتحاد چلانا کوئی آسان کام نہیں تھا۔

شہبازشریف نے مزید کہا الیکشن جیتے تو وزیراعظم نوازشریف ہی ہوں گے، میری کارکردگی کا سوال نوازشریف سے ہی پوچھ لیں، نوازشریف والد کی جگہ ہیں، سمجھاتے ہیں، مشورے پر عمل کرتے ہیں، احتساب کا عمل سب پر لاگو ہے، آگے بڑھنے کیلئے احتساب شفاف طریقے سے ہونا چاہئے، الیکشن صرف نوازشریف کے کارکن کی حیثیت سے لڑیں گے۔

علاوہ ازیں وفاقی سیکرٹریز سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پختہ سوچ ہو تو اتحادی حکومتیں بھی چل سکتی ہیں، 16 ماہ بہت اچھے طریقے سے اتحادی حکومت چلی، گزشتہ حکومت میں سول سرونٹس کو مشکلات کا سامنا رہا، مشکلات کو سبق کے طور پر یاد رکھیں گے۔

شہبازشریف نے کہا آئی ایم ایف پروگرام بڑی کامیابی، پروگرام نہ ہوتا تو نہ جانے کتنی تباہی ہوتی، حالات کتنے خستہ حال ہوتے اندازہ لگانا مشکل نہیں، 16 ماہ کا عرصہ چیلنجز سے بھرپور تھا، مشکل سے مشکل مسائل کے حل کیلئے راستے تلاش کئے، بدقسمتی ہے اچھے کام کرنیوالے بیجا تنقیدکا نشانہ بنتے ہیں، سیاستدانوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، سیلاب میں دن رات ایک کرکے آپ نے قوم کی خدمت کی، آپکی ستائش نہیں ہوئی تو تنقید بھی نہیں ہوئی، آپ پر تنقید نہ ہونا ستائش کا پیمانہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا بے بنیاد الزامات لگا کر سی پیک کےخلاف پروپیگنڈا کیا گیا، پاکستان کو نقصان پہنچا، یقین ہے آگے حالات بہتر ہوں گے، ملک کو سنبھالنے میں وفاقی سیکرٹریز نے ساتھ دیکر قومی فریضہ نبھایا، خارجی محاذ پر وزارت خارجہ کے افسروں نے جذبے سے کام کیا، آپ سب کا اپنی اور سابقہ کابینہ کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شہبازشریف نے کہا سابق حکومت نے عوامی خوشحالی کے منصوبوں کو بند کئے رکھا، ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، سسٹم کی خرابیوں کو دور کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم ہاﺅس اور آفس عملے کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پاکستان میں وسائل اور صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، سب کو پاکستان کی خوشحالی کےلئے کردار اداکرنا ہوگا، محنت سے پاکستان کا مستقبل روشن بنایا جاسکتا ہے۔ موجودہ وقت میں اتحاد و یکجہتی کی انتہائی ضرورت ہے۔ قائداعظم اور علامہ اقبال کے رہنما اصولوں کے مطابق پاکستان کو چلانے کا عزم کرنا ہوگا۔

شہبازشریف نے کہا کام مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں۔ قربانی، ایثار اور شبانہ روز محنت درکار ہے، کام کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنالیں تو کوئی مشکل راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکے گی، وسائل بچا کر انصاف کے طریقے سے غربت، بیروزگار ی اور ناخواندگی کےلئے استعمال کریں تو کہیں سے قرض لینے کی ضرورت نہیں، پاکستان کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کےلئے جتنے اتحاد، محنت اور یکجہتی کی ضرورت اب ہے 75 سالوں میں پہلے کبھی نہیں تھی۔

وزیراعظم نے عملے سے مخاطب ہوکر کہا اب نگران حکومت آئیگی اور اس کےساتھ بھی آپکو اسی محنت سے ذمہ داری ادا کرنی ہے، ذمہ داری تقاضا کرتی ہے آپ پاکستان کی بھرپور خدمت کریں گے۔ شہبازشریف نے گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین میں حوصلہ افزائی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔