لاہور( خبر نگار)پی ٹی آئی نے پی ڈی ایم حکومت کی مدت ختم ہونے پر یوم ” تشکر و نجات“ مناتے ہوئے ڈیڑھ سالہ دور پر وائٹ پیپر بھی جاری کردیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا پوری قوم مجرموں سے نجات پر شکر ادا کرتی ہے، مجرموں کے گروہ نے ڈیڑھ سالہ دور میں انتقام کی سیاہ ترین مثالیں قائم کیں، آئین سے انحراف کرتے ہوئے خیبرپختونخوا ،پنجاب میں انتخابات نہیں ہوئے، آئین کو مکمل نظر انداز ، سپریم کورٹ اور اعلیٰ عدالتوں کی حیثیت کو مسمار کیا گیا، عوام کاالیکشن کمیشن ،بیوروکریسی سمیت تمام اداروں سے اعتماد اٹھ گیا۔
مزید کہا گیاپی ڈی ایم حکومت نے سازش کے تحت منتخب جمہوری حکومت کو گرا کر ڈیڑھ سال میں 6فیصد کی سالانہ شرح سے ترقی کرتی معیشت کا بیڑہ غرق کیا،قوم کو تاریخ کی بلند ترین مہنگائی کے بوجھ کے ذریعے اپنی نا اہلی و پے درپے حماقتوں کی بھینٹ چڑھایا، پٹرول ، بجلی سمیت اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں تاریخی اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی۔
ترجمان نے کہا بالآخر نا اہلی ، نالائقی اور فسطائیت پر مبنی ڈیڑھ سالہ سیاہ دور اختتام کو پہنچا، وقت آ گیا ہے قوم کو شفاف الیکشن کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آئینی اختیار دیا جائے۔
حکومتی مدت ختم ہونے پرپی ٹی آئی کایوم تشکر ونجات



















