اسلام آباد(بیورورپورٹ) 190 ملین پاونڈ کرپشن اورتوشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت درخواستیں خارج،نیب کو گرفتاری کااختیار مل گیا۔
احتساب عدالت کے جج بشیر نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ کی 190 ملین پاو¿نڈ کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت جج بشیر نے استفسار کیا بشریٰ کے وارنٹ تو جاری نہیں ہوئے؟ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟ ادھر کھڑے ہوجائیں، کیس انکوائری ہے یا انویسٹی گیشن کی سٹیج پر ہے؟۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا ابھی گرفتار کرنے کے کوئی آرڈر نہیں ،بشریٰ کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کیس اب انویسٹی گیشن میں تبدیل ہو گیا، وکیل انتظار پنجوتھا نے کہاکوئی ضمانت دے دیں۔
دوران سماعت سابق صدر آصف زرداری کا حوالہ سامنے آیا،جج بشیر نے کہا نیب والے گرفتار کر لیتے ہیں تو یہاں سے تو اچھا ہی ہوگا ناں، بشریٰ کو نیب نہ پکڑے یہ نہ ہو شام کو پکڑ لیں،عدالت نے بشریٰ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا۔
احتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدم پیروی پر توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ سکینڈل کیس میں چیئرمین ضمانت درخواستیں خارج کر دیں،درخواستیں خارج ہونے کے بعد اب چیئرمین پی ٹی آئی کو 190 ملین پاو¿نڈ اور توشہ خانہ انکوائری کا بھی سامنا کرنا پڑے گا،عدالت نے بشریٰ کی عبوری ضمانت درخواست نمٹا دی۔
کرپشن کیس میں ضمانت خارج ہونے پرنیب کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا اختیار مل گیا۔
بعدازاںاحتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت درخواست خارج ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،فیصلہ جج بشیر نے تحریر کیا ،فیصلے میں کہا گیا وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کی، وکیل نے بتایا چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی، وکیل کے مطابق آئندہ ہفتے سزا معطلی کی درخواست سماعت کےلئے مقرر ہونے کا امکان ہے۔
عدالت نے کہاپراسیکیوٹر کے مطابق درخواست گزار جیل میں 3 سال کیلئے قید ہیں، درخواست گزار کی عدم موجودگی میں ضمانت نہیں دی جاسکتی، مختصر التوا ضرور فراہم کیا جاسکتا ہے تاہم درخواست گزار جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں، عدالت چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر ضمانت درخواست خارج کرتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت درخواستیں خارج،نیب کو گرفتاری کااختیار مل گیا

















