سولہ ماہ میں مجھ پر جتنی تنقید ہوئی کبھی اس کا گلہ نہیں کیا: وزیر اعظم شہبازشریف
اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16 ماہ میں مجھ پر جتنی تنقید ہوئی کبھی اس کا برا نہیں منایا، تنقید حقائق پر مبنی ہونی چاہیے، اس سے رہنمائی اور مدد ملتی ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں، فنکاروں کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ، پاکستان کوڈ، ڈیجیٹل ریپازٹری آف فیڈرل لازموبائل ایپ اور ویب سائٹ کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم نے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران زندگی کی بازی ہارنے والے صحافیوں کیلئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا، وزیراعظم نے صحافیوں کےلئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہیلتھ کارڈ کا بھی اجرا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امراض زندگی کا حصہ ہیں، ہیلتھ کارڈ کے اجرا پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس کےلئے مریم اورنگزیب، سیکرٹری اطلاعات اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے ایک بڑی ذمہ داری ادا کی ہے، یہ صحافت کے میدان میں ایک انقلابی قدم ہے۔

















