اسلام آباد (بیورورپورٹ)حکومت نے بغیر وارنٹ گرفتاری کی شق واپس لے لی،سینٹ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی سمیت 4 اہم بل منظور کرلیے،پی ٹی آئی اراکین نے چیئرمین کی گرفتاری پر کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے اورواک آﺅٹ کیا۔
سینٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا ،وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے آفیشل سیکرٹ ترمیمی بل2023 ایوان میں پیش کیا جس کی شق وار منظوری دی گئی،اعظم تارڑ نے کہا انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بغیر وارنٹ کے گرفتاری شق واپس لے لی، الفاظ پر عائد اعتراض بھی تبدیل کردئیے،بل کے ذریعے ایف آئی اے اور ڈی جی ایف آئی اے کے اختیارات بڑھادئیے،تعصب کی عینک اتارکر دیکھنا ہوگا، وار زونز میں فوجی و انٹیلی جنس اہلکار شہادتیں دے رہے ہیں،تحفظ دینا ہوگا۔
سینیٹر رضا ربانی، کامران مرتضی سمیت حکومتی اراکین کی طرف سے بل پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
نیشنل پارٹی کے طاہر بزنجو نے کہالامحدود اختیارات واپس لیے جارہے ہیں اب اعتراض نہیں ،جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق نے کہا آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل میں بہت سی متنازع شقیں ہیں، موجودہ حالت میں ترمیمی بل کو پاس نہ کیا جائے، غیرمعمولی اندھے اختیارات نہ دئیے جائیں۔
کامران مرتضی نے سوال اٹھایااگلی حکومت کس کی ہوگی پتہ نہیں ، بل ٹھیک کرلیں ورنہ آپ بھی شکار ہوسکتے ہیں ،پی پی کے رضا ربانی نے کہاآفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل پر دوبارہ غور کیا جائے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترمیم کیوں ضروری تھی بتایا نہیں گیا۔
علاوہ ازیںایوان نے ہائیرایجوکیشن کمیشن بل2023، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کارپوریشن کنورشن ترمیمی بل2023 ، زکوة و عشرآرڈیننس بل2023 متفقہ طور پر منظور کر لیے جبکہ حکومت نے متشدد انتہا پسندی امتناع کا بل2023 واپس لے لیا۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی نے چیئرمین کی گرفتاری پر کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا، سینیٹر سیف ابڑو نے کہاموجودہ حالات پر ایوان کو خاموشی نہیں بیٹھنا چاہیے،بعد ازاںپی ٹی آئی اراکین نے ایوان سے واک آﺅٹ کر دیا۔
بغیر وارنٹ گرفتاری کی شق واپس،آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی سمیت 4 بل منظور

















