لاہور( خبر نگار )پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کہا ہے پارٹی چیئرمین کو قواعد و قوانین کے برعکس ظالمانہ تنہائی میں رکھنے پر شدید تحفظات ہیں،وکلا کوچیئرمین تحریک انصاف تک رسائی اور صحت و سلامتی پر معلومات نہ دینا قابل مذمت ہے ،اسلام آباد پولیس کی بجائے پنجاب پولیس کے ہاتھوں گرفتاری پر بھی شدید تشویش ہے۔
اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ،سیکرٹری جنرل عمر ایوب سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے ،کور کمیٹی کی جانب سے قواعد و قوانین کےخلاف چیئرمین تحریک انصاف کو ظالمانہ تنہائی میں رکھنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں عدالتی حکم سے انحراف کرتے ہوئے چیئرمین کی اڈیالہ کی بجائے اٹک جیل منتقلی پر بھی شدید احتجاج اوردفعہ 144کے ذریعے عوام کو ظلم و بے انصافی کے خلاف پرامن احتجاج کے آئینی حق سے محروم کرنے کی شدید مذمت کی گئی ۔
کور کمیٹی نے کہا نہایت جانبدارانہ ٹرائل و ناقص و متعصبانہ فیصلے کی آڑ میں گرفتاری تک چیئرمین تحریک انصاف کےخلاف ہر اقدام سے انتقام جھلکتا ہے، نہایت نامناسب طریقے سے گرفتار کرنے کے بعد سے اب تک کچھ بھی معلومات مہیا نہیں کی گئیں،نہیں جانتے چیئرمین کی صحت و سلامتی کی کیا کیفیت ہے، وکلا مسلسل رسائی کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم حکومت انکاری ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیاپارٹی چیئرمین پرجسمانی و ذہنی تشدد کے بھی امکانات ہیں، فسطائی حکومت ظالمانہ و انتقامی روش ترک کرے اور قانونی ٹیم کو چیئرمین تک رسائی دے، معزز عدلیہ حکومتی روئیے کا نوٹس لے اور چیئرمین تحریک انصاف کی صحت و سلامتی پر اہلخانہ و جماعت کے خدشات کا ازالہ کرے۔
چیئرمین پرجسمانی و ذہنی تشدد کے امکانات ہیں،پی ٹی آئی



















