چیئرمین پی ٹی آئی9مئی حملوں کے بھی ماسٹر مائنڈ،گرفتاری سیاسی نہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد،کراچی (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی9مئی حملوں کے بھی ماسٹر مائنڈ ہیں،عدالت سے مجرم ثابت ہونیوالے کو گرفتار ہونا ہی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاستی تحفے بیچے، گرفتاری سیاسی نہیں، مقدمہ تفتیش کے مراحل میں رہا ،ٹرائل کے عمل سے بھی گزرا، پھر ٹرائل کورٹ نے فیصلہ دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،توشہ خانہ کیس میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں شہادتیں پیش کرنے میں ناکام رہے۔

وزیر اطلاعات نے کہانواز شریف ،چیئرمین پی ٹی آئی کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا، سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کا جواب دیا،عدالتیں موجود ہیں ،الزامات کا جواب دینے کا سب کو حق ہوتا ہے،9 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں نے حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا، ملوث افراد کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اپنے دفاع کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے تھے لیکن نواز شریف نے نیب کی 150 پیشیاں بھگتیں، قانون کو دھمکیاں دینے سے آپ مقدمات سے نہیں بچ سکتے اور آپ عوام کو ہر مرتبہ اندھیرے میں نہیں رکھ سکتے۔

مریم اورنگزیب نے کہازمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر حملے کئے، کیا سرکاری املاک، ہسپتالوں ،سکولز پر حملہ کرنےوالوں کو رعایت دی جا سکتی ہے؟ چیئرمین پی ٹی آئی 9 مئی کے حملوں کے ماسٹر مائنڈ تھے، معیشت کی خرابی کا پوچھا جائے تو کابینہ پر ڈال دیتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہامجھے ریاستی تحائف ملے میں نے توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں سوالوں کا جواب دینے سے قاصر رہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا اور کوئی احتجاج سامنے نہیں آیا،سابق وزیراعظم نے سیاسی مخالفین کو قید کرایا ،اپنے دور میں میڈیا کارکنوں پر تشدد کرایا، پہلی بار دیکھا کسی سیاسی جماعت نے پٹرول بمبوں کا استعمال کیا ہو، پرامن احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت یا کارکن کا جمہوری حق ہے۔

دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا2002 کا پیمرا آرڈیننس آمر نے بنایا ،مشرف کا کالا قانون نہیں چاہتے، ایساکوئی کام نہیں کریں گے جس سے آزادی رائے پر قدغن ہو، میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں،ایسی کوئی پالیسی اختیار نہیں کی جس سے میڈیا پر قدغن نہیں لگے، 12 ماہ کے مشاورتی عمل کے بعد میڈیا کیلئے قانون تیار کیا گیا جب تک ایک نقطے پراعتراض ختم نہیں ہوگا قانون سازی نہیں ہوگی۔

وزیراطلاعات نے مزید کہاانتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ملک میں جمہوریت کا تسلسل رہنا بہت ضروری ہے، نگران وزیراعظم کا تقرر اپوزیشن لیڈر ،وزیراعظم کی مشاورت سے ہوگا، آئینی مدت پوری کر کے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری 9 اگست کو صدر کو ارسال ہوجائے گی۔