عام انتخابات کیلئے 42.5 ارب کی گرانٹ منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، عام انتخابات کیلئے 42.5 ارب گرانٹ کی منظوری دیدی گئی۔

ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن سمری کی منظوری دی، انتخابات کیلئے فنڈز کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائےگی۔


الیکشن کمیشن کو ابتدائی طور پر 10 ارب جاری کئے جائیں گے۔

دوسری جانب انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کو حتمی شکل دیدی، مجوزہ ترامیم کی قومی اسمبلی اورسینٹ سے منظوری لی جائےگی، تمام انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد برابررکھنے کی تجویز دےدی گئی، حلقہ بندیوں کا عمل انتخابی شیڈول کے اعلان کے 4 ماہ قبل مکمل ہوگا، حلقہ بندیوں کےخلاف شکایت 30 روزمیں کی جاسکے گی۔

مجوزہ ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن پولنگ عملے کی تفصیلات ویب سائٹس پر جاری کرےگا، پولنگ عملہ انتخابات کے دوران اپنی تحصیل میں ڈیوٹی نہیں دےگا، پولنگ سٹیشن میں کیمروں کی تنصیب میں ووٹ کی رازداری یقینی بنائی جائےگی،کاعذات نامزدگی مسترد یا واپس لینے پر امیدوار کو فیس واپس کی جائےگی، امیدوار ٹھوس وجوہات پر پولنگ سٹیشن کے قیام پراعتراض کرسکے گا۔

انتخابی اصلاحات کمیٹی نے اوورسیزپاکستانیوں کیلئے ووٹنگ کی سہولت الیکشن کمیشن کو تفویض کرنے کی تجویز بھی دی جبکہ حتمی نتائج کے 3 روز میں سیاسی جماعتیں حتمی ترجیحی فہرست فراہم کریں گی۔