بھارتی سازش، سیلابی پانی کا رُخ کرتارپور کی طرف موڑ دیا،سکھ یاتریوں کے پاکستان داخلے پر بھی پابندی

لاہور (رپورٹ :علی جنید) بھارت کی خطرناک سازش، گردوارہ کرتارپور صاحب زیرو لائن کی جانب سیلابی ریلے کا رُخ کردیا جبکہ سکھ یاتریوں کے پاکستان میں داخلے پر بھی غیرمعینہ مدت کےلئے پابندی لگا دی ہے۔ بھارتی سیلابی پانی کی وجہ سے امیگریشن ایریا بھی پانی میں ڈوب چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے پاک سرزمین پر ایک اور آبی وار کیا گیا ہے اور گردوارہ کرتارپور صاحب کی جانب سیلابی پانی کا رُخ کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کی زیرولائن سے شروع ہو کر سینکڑوں کنال رقبہ زیرآب آگیا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ بھارت نے پاکستان زیرو لائن پر واقع سکھ مذہب کی مقدس ترین عبادتگاہ گردوارہ کرتار صاحب کیلئے روزانہ کی بنیاد پر بھارت سے پاکستان داخل ہونیوالے سینکڑوں سکھ یاتریوں کے داخلے پر بھی عارضی و غیرمعینہ مدت کیلئے پابندی عائد کردی ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ روز بھارت سے سکھ یاتریوں کو اپنی عبادت کیلئے پاکستان گردوارہ کرتارپور صاحب کو نہیں بھیجا گیا جبکہ اگر دوسری جانب دیکھا جائے تو بھارت کی جانب سے پاکستان میں داخل کئے گئے سیلابی پانی نے کرتارپور امیگریشن کے نظام کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے اور کرتارپور کے علاقے میں سینکڑوں کنال رقبہ بھی زیرآب آچکا ہے جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔