لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ رواں سال کو کاروباری شعبہ کیلئے سہولیات کا سال قرار دیا گیا ہے، ڈاکیومنٹیشن اور ٹیکس کی بنیاد کو بڑھانے کیلئے بھی لاہور چیمبر اپنا بہترین کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل نادرا ابرار احمد خان کے دورہ لاہور چیمبر کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر کی رکنیت حاصل کرنے کیلئے ٹیکس دہندہ ہونا اور پچھلے دو سالوں سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر سے بہترین تعاون کرنے پر تمام محکموں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی نادرا ابرار احمد خان نے نادرا کی خدمات کے بارے میں ایک جامع پریزنٹیشن پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا وسیع پیمانے پر مختلف خدمات مہیا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کا ذیلی ادارہ نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ ای سہولت اور برانچ لیس بینکنگ جیسی سہولیات کا ذمہ دار ہے اور متعلقہ ڈیپازٹس اور سسٹمز کی نگرانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نے اب تک 66.87ارب روپے کی رقم کامیابی سے پراسیس کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا اپنے ڈیٹا بیس کے ذریعے گاڑیوں کی منتقلی کی خدمات میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا 8 ریجنز، 36 ڈویژنز، 151 اضلاع اور 501 تحصیلوں میں کام کرتا ہے۔ ایجنسی کے تحت 49 ڈبل شفٹ مراکز اور 2509 ون ونڈو کاو¿نٹرز کام کررہے ہیں۔ 21,109 ملازمین کی افرادی قوت کے ساتھ، نادرا 779 رجسٹریشن مراکز، 10 بیرون ملک مراکز، اور 12 میگا مراکز کے ذریعے خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا نے 138 ملین کارڈز جاری کیے ہیں جن میں سے 55.90 فیصد مردوں اور 40.80 فیصد خواتین کو جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو 8.5 ملین کارڈز اور 191,644 پاکستان اوریجن کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔ ایجنسی نے 4.6 ملین فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، 909,873 ڈیتھ سرٹیفکیٹ، اور تقریباً 53 ملین بچوں کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی ہے۔ڈی جی نے وضاحت کی کہ نادرا دو طرح کے کارڈ جاری کرتا ہے ایک عام کارڈ اور دوسرا چپ والا کارڈ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت منظوری دے تو ایجنسی کی مختلف خدمات ایک ہی کارڈ میں ضم کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت نادرا 4657 سائٹس، 4639 UCs اور 18 کنٹونمنٹ بورڈز آپریٹ کرتا ہے۔ انہوں نے نادرا کی جانب سے پیش کی جانے والی کئی دیگر خدمات بھی درج کیں، جیسے وطن کارڈ، کسان کارڈ، احساس پروگرام، بی آئی ایس پی، بائیو میٹرک تصدیق کا نظام، آن لائن ویزا سسٹم، صحت سہولت وغیرہ پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا اب جانشینی کے سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر کی درخواست پر ڈی جی نادرا نے لاہور چیمبر میں نادرا کاﺅنٹر پر بوتھس کی تعداد میں اضافہ کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نادرا کے ساتھ مل سہولیات کی فراہمی، ٹیکس بیس میں اضافے اور موثر عوامی خدمات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
نادرا دورجدید کے تقاضوں کے مطابق بہترین خدمات مہیا کررہا ہے :ڈائریکٹر جنرل



















