انڈوومنٹ فنڈ سے ضرورت مند طلبا کو وظائف دیئے جائیں گے :رانا تنویر حسین

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے تمام وفاقی اکائیوں کے اتفاق رائے سے قومی نصاب کی تیاری کا عمل مکمل کیا ہے، درسی کتب بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنے کےلئے اقدامات کر رہے ہیں، انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ضرورتمند طلبا کو وظائف فراہم کئے جائیں گے۔ بدھ کو یہاں پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج ہم اس تعلیمی شعبے کے لئے جن اقدامات کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، انہیں سابقہ حکومتوں نے وہ اہمیت نہیں دی جو اس قوم کی ترقی و خوشحالی کےلئے نہایت ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں وفاقی وزارت نے بہت کم عرصے میں اہم اقدامات اٹھائے ہیں، ان میں اسلام آباد سے آﺅٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کےلئے اقدامات شامل ہیں، اس سلسلے میں 25 ارب روپے کی لاگت سے ایک فنڈ مختص کیا گیا جس کا بڑا حصہ ابتدائی تعلیم کےلئے مختص کیا گیا ، ابتدائی تعلیم کی بہتری کے لئے دیگر اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔