پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف درخواست خارج

لاہور (کورٹ رپورٹر)سیشن کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کےخلاف ایف آئی اے کی درخواست خارج کردی،ایڈیشنل سیشن جج نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاجوڈیشل مجسٹریٹ نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا، رقم کی مشکوک ٹرانزیکشنز کی تفتیش کےلئے جسمانی ریمانڈ دینے کا حکم دیا جائے،عدالت سے استدعا کی گئی جوڈیشل مجسٹریٹ کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے تاہم عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست خارج کر دی۔

ادھر اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں روبکار پر اعتراض کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا جب روبکار جاری کر دی گئی تو پھر عدالتی حکم پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا،پولیس سے کسی کیس کا ریکارڈ منگوا لیں تو وہ بھی سمجھ نہیں آتا، کیا پولیس عدالتوں سے بڑی ہو گئی ؟۔

عدالت نے ریمارکس دیئے اگرعدالتی حکم سمجھ نہیں آتا تو نوکری چھوڑ دیں،دریں اثناضمانتی مچلکے جمع نہ ہونے پرپرویز الٰہی کی رہائی ممکن نہ ہوسکی۔

جیل ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کو منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پررہائی کے احکامات ملے تھے،پرویز الٰہی کی گرفتاری کیلئے آنےوالی اینٹی کرپشن کی ٹیم بھی واپس چلی گئی۔