اسلام آباد(بیورورپورٹ)بیرونی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی،سپیشل انویسٹیمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق کرلیا گیا،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ،وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے معاشی بحالی، سرمایہ کاری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معیشت کی بہتری کےلئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے کردار کی بھی تعریف کی ،اجلاس کے دوران بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اتحادی حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی، معاشی بحالی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے، ابھی بہت بڑے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں، ہمیں بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنا ہوگا، مسلسل محنت سے ملک کو آگے لے کر جائیں گے اور عوام کو معاشی ترقی، خوشحالی سے ہمکنار کریں گے، نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا، ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس کے بعد صحافیوںکو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا گزشتہ حکومت نے جہاں دیگر شعبوں کو تباہ کیا وہیں سی پیک کو بھی نشانہ بنایا گیا، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)پاکستان میں 28 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کی وجہ بنا اور اس کی وجہ سے پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بنا،ہمارے پاس ملک کو ٹیک آف کی طرف لے کر جانے کا موقع ہے۔
احسن اقبال نے کہا پاکستان کسی سیاسی جماعت یافرد کی میراث نہیں سب کا ملک ہے،بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائےگا، سرمایہ کاری اور برآمدات کو ہنگامی طور پر فروغ دیا جائےگا، پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگر ہم جدت کی طرف نہیں گئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائےگا، پاکستان میں بڑے بڑے فارمز بنائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہاآئی ٹی سیکٹر پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ نوجوانوں کو روڈ میپ دینا ہے تاکہ آئی ٹی کی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا، اجلاس نے منرلز پر بھی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ،روڈ شو منعقد کیا جائےگا جہاں دنیا بھر کی کمپنیز شرکت کریں گی، ڈیفنس پروڈکشن پر بھی توجہ دی جائےگی ۔
احسن اقبال نے کہاپاکستان اپنی معیشت بحال کر رہا ہے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دیں تاکہ دنیا میں کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، پاکستان کسی فرد یا سیاسی جماعت کی میراث نہیں، سب کا ملک ہے،پاکستان کو ٹیک آف پر لے جانے کےلئے دوبارہ موقع آیا، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن سہولت ملے گی، توانائی کےلئے مقامی وسائل پر انحصار کرینگے اور سولر سسٹم سامان پاکستان میں بنائیں گے،آئی ٹی کو فروغ دینگے ،آئی ٹی کی مدد سے برآمدات بڑھائیں گے، پاکستان معدنیات سے مالامال ہے جس سے بھر پور استفادہ کرینگے، زراعت ،مائننگ پر روڈ شوز کریں گے، دفاعی شعبے میں برآمدات بڑھائی جائیں گی
وفاقی وزیر نے مزید کہابزنس مین ویزا آسان بنایا جارہا ہے، خصوصی سہولت کاری کونسل برائے سرمایہ کاری (ایس آئی ایف سی) پاکستان کیلئے ترقی کا نیا راستہ کھولے گی، پہلی کوشش ہوگی پاکستان میں غیر آباد لاکھوں ایکڑ اراضی آباد کریں،ایک لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی میں سرٹیفکیشن کرائیں گے، پچھلی حکومت ایک بھی صنعتی زون نہ بنا سکی، 11 جولائی کو بیجنگ میں جے سی سی کا خصوصی اجلاس ہو گا ،اجلاس سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کا حصہ ہے۔
اپیکس کمیٹی کابیرونی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق



















