بے حرمتی کیخلاف شہر شہر احتجاج، سویڈن کے ناظم الامور کی طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد/ لاہور/ کوئٹہ/ پشاور/ کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) بے حرمتی کیخلاف شہر شہر احتجاج، پاکستان نے سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہابے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں، سویڈن کے ناظم الامور کو تحفظات سے آگاہ کردیا۔ سفیر پاکستان میں موجود نہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ میں بے حرمتی واقعہ کیخلاف شہریوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حیدرآباد میں سنی تحریک کی جانب سے سویڈن کا پرچم نذر آتش کیا گیا۔

مردان میں مسیحی برادری نے سویڈن کیخلاف احتجاج کیا، درجنوں مسیحیوں نے سینٹ پال سرحدی چرچ سے گائیڈ چوک تک ریلی بھی نکالی۔ سرگودھا میں فیسکو پیغام یونین کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا فوری طور پر سویڈش سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں بھی ریلیاں نکال کر سویڈن کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔

ادھر وکلا نے جمعہ کو ملک گیر ہڑتال اورسپریم کورٹ کے باہر قرآن مجید کی تلاوت کا اعلان کردیا۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کل عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائےگا، بے حرمتی واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، جمعہ کو صبح 11 بجے سپریم کورٹ کے مرکزی گیٹ پر بار ممبرز کی جانب سے قرآن مجید کی تلاوت کی جائےگی۔