جی ایچ کیو حملہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین تحریک انصاف کو جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے دو مقدمات میں نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقدمات میں نئی دفعات کے اضافے کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی کو منصوبہ ساز کے طور پر نامزد کیا جائےگا۔ دفاعی وحساس تنصیبات پر حملوں کی مقدمات میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی مزید دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی دفعات شامل کرنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملزم نامزد کیا جائےگا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر گرفتاری کی صورت میں حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی، کارکنوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے کے الزامات عائد کئے جائیں گے اور زیر تفتیش ملزمان کے بیانات کی روشنی میں ملزم نامزد کیا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی ائی کی بطور ملزم نامزدگی کا فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا تھا۔ فیصلے سے قبل قانونی ماہرین سے مشاورت بھی کی گئی۔ جی ایچ کیو کیس تھانہ آرے بازار جبکہ حساس ادارے کے دفتر پر حملے کا مقدمہ تھانہ نیوٹاون میں درج ہے۔