ضمانت میں توسیع ،آئی ایم ایف معاہدے سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا،قریشی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پرتشدد احتجاج کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں 15 جولائی تک توسیع کر دی،اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج سید ہارون شاہ نے سماعت کی، عدالت نے کیس کی سماعت 15جولائی تک ملتوی کر دی،ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہاآئی ایم ایف معاہدے سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، سوال ہے ؟ کیا یہ ایک حل ہے، چند ماہ بعد کیا ہوگا؟ مستقل حل تلاش کرنا ہوگا،شاہ محمود قریشی نے کہا عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، سیاسی، قانونی اور پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، سویڈن واقعہ پر عالم اسلام میں اضطراب ہے، ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی دل آزاری کا کوئی جواز نہیں،اپنی حکومت میں اسلاموفوبیا کی نشاندہی کی تھی، اقوام متحدہ میں بھی آواز اٹھائی، فیصلہ ہوا 15مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف پوری دنیا میں یک زبان ہو کر بات کی جائے گی، مذمتی قرار داد ناکافی ہے،پوری قوم کو یکجا ہونا چاہیے، پرامن طور پر جمعہ کی نماز کے بعد اظہار کرنا چاہیے، پرامن لوگ ہیں لیکن کوئی متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔