فوجی جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے : صادق سنجرانی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے افسر اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں اور تخریبی کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلا کراپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں تاہم شر پسند عناصر ان کاروائیوں کے ذریعے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک اپنے جوانوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور جنگ کے خاتمے تک جذبے میں ہرگز کمی نہیں آئے گی۔